سیالکوٹ پولیس نے 1 کروڑ روپے تاوان کے لیے اغواکئے گئے 14 سالہ بچے کو بازیاب کرا لیا،2 ملزمان گرفتار

سیالکوٹ۔18فروری (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 1کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا ہونے والا 14 سالہ بچہ 8 گھنٹے کے قلیل وقت میں بازیابکراتے ہوئے 2 کوملزمان گرفتارکر لیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ ملوکے چک کے رہائشی شفیق کے 14 سالہ بیٹے اطہر کو گھر سے سکول جاتے ہوئے نامعلوم کار سوار ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اغواکر کے والد سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیاتھا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی پی اوسیالکوٹ محمد حسن اقبال نے ڈی ایس پی سمبڑیال رانا زاہد کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دے کر تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بچے کی صحیح سلامت واپسی اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے۔

پولیس نے تمام ڈسٹرکٹ بارڈرز سیل کر کے ضلع بھر میں ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش و گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیئے۔ پولیس نے اغوا کار ملزمان طاہر اور حسنین کو ٹریس کر کے گرفتار کرتے ہوئے بچے کو صحیح سلامت بازیاب کر لیا ہے۔

دوران تفتیش طاہر اور حسنین نےانکشاف کیا کہ انہوں نے اطہر کو تاوان کی رقم حاصل کرنے کے لیے اغواکیا تھا۔ڈی پی اوسیالکوٹ محمد حسن اقبال نے پولیس ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکٹس کا اعلان کیا ہے۔