اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے ماڈل سکول میں پرنسپل کی تعیناتی مستقل بنیادوں پر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی ڈی اے ماڈل سکول کے معاملات کی بہتر نگرانی کیلئے ایک بورڈ تشکیل دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سی ڈی اے ماڈل سکول کے آپریشنز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ممبر ایڈمن، ممبر انجینئرنگ ، ڈی جی ورکس، ڈائریکٹر انڈسٹریز سمیت پرنسپل سی ڈی اے ماڈل سکول نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ڈی اے ماڈل سکول کو اپ لفٹ کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پرنسپل سی ڈی اے ماڈل سکول نے اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے سکول کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے ماڈل سکول کے معاملات کی بہتر نگرانی کیلئے ایک بورڈ تشکیل دیا جائے اور اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے نئے اساتذہ کو کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ سے بہترین اساتذہ کا میرٹ پر انتخاب کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے ماڈل سکول میں پرنسپل کی تعیناتی مستقل بنیادوں پر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے ماڈل سکول کے انفراسٹرکچر کو اپ لفٹ کرنے اور اس کی تعمیر ومرمت کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ سکول کے بچوں کو پک اینڈ ڈراپ کرنے کیلئے الیکٹرک بس بھی فراہم کی جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ بچوں کے روشن مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین تعلیمی نصاب اور تدریسی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے ماڈل سکول میں لائق اور ضرورت مند طلباء کیلئے اسکالرشپ کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے۔