شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل 24 جولائی تک کا پاکستان کا دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل 21 سے 24 جولائی تک کا پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایس سی او کے سیکرٹری جنرل ژہانگ منگ بیجنگ میں قائم شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹریٹ کے حکام پر مشتمل وفد کی سربراہی کریں گے۔ اپنے قیام کے دوران ایس سی او کے سیکرٹری جنرل وزیر خارجہ کے علاوہ تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سمندری امور کے وزراء سے ملاقاتیں کریں گے۔

وہ انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں بھی خطاب کریں گے اور کاروباری رہنماوں اور کاروباری شخصیات سے بات چیت کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم ایک بڑی بین علاقائی کثیر جہتی تنظیم ہے جس کے آٹھ رکن ممالک میں چین اور روس بھی شامل ہیں۔ ایس سی او ممالک عالمی آبادی کا 41 فیصد پر مشمل ہے اور عالمی جی ڈی پی کا ان کا 23 فیصد حصہ ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم پاکستان کو رکن ممالک کے ساتھ اپنے گہرے اور تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور مختلف شعبوں میں باہمی فائدے کے لیے سماجی و اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹریٹ کے ساتھ منسلک ہونے کا موقع فراہم کرے گا اور مشترکہ علاقائی سلامتی اور اقتصادی اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے ایس سی او کے طریقہ کار کو مزید موثر بنانے کے لیے اپنے نقطہ نظر اور ترجیحات کو اجاگر کرے گا۔