شکیب الحسن 7ہزار رنز اور 300وکٹوں کاہندسہ عبور کرنے والے دنیا کے تیسرے آل رائونڈر بن گئے

سلہٹ۔18مارچ (اے پی پی):سٹار بنگلہ دیشی آل رائونڈر شکیب الحسن نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں کیریئر کے 7ہزار رنز مکمل کر لئے، وہ 7ہزار رنز اور 300وکٹوں کا ہندسہ عبور کرنے والے دنیا کے تیسرے آل رائونڈر بن گئے ہیں، شکیب نے ہفتہ کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں 93رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سر انجام دیا، وہ 7رنز کے فرق سے کیریئر کی 10ویں سنچری بنانے میں ناکام رہے،

شکیب الحسن نے اب تک 216ون ڈے میچز میں 37.70کی اوسط سے 7069رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی 9شاندار سنچریاں اور 53نصف سنچریاں شامل ہیں،وہ زیادہ ون ڈے رنز بنانے والے دوسرے بنگلہ دیشی بیٹر ہیں، تمیم اقبال 8146رنز بنا کرسرفہرست ہیں، شکیب سے قبل سابق سری لنکن آل رائونڈر سنتھ جے سوریا اور پاکستان کے شاہد خان آفریدی بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، جے سوریا نے 445ون ڈے میچز میں 13430رنز اور 323وکٹیں جبکہ شاہد آفریدی نے 398میچز میں 8064رنز اور 395وکٹیں لے رکھی ہیں۔