صحت انصاف کارڈ کی فراہمی موجودہ حکومت کا ایک بڑا کارنامہ اور انقلابی منصوبہ ہے،وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان

ہری پور۔26فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ صحت انصاف کارڈ کی فراہمی موجودہ حکومت کا ایک بڑا کارنامہ اور انقلابی منصوبہ ہے جس سے غریب لوگوں کو علاج کی مفت سہولت حاصل ہو گی۔ ضلع میں اربوں روپے کے منصوبوں پر کام ہوا ہےموجودہ دور میں ہری پورسب سے زیادہ ترقی پانے والا ضلع ہے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنے حلقہ انتخاب ہری پور محلہ ٹینکی میں حاجی ولایت خان کے حجرہ میں منعقدہ ٹیوب ویل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان ، سابق ضلع ناظم اختر نواز خان ، سابق ناظم خورشید انور خان کے علاوہ کثر تعداد میں اہلیان علاقہ موجود تھے۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ دنیا کا واحد انقلابی منصوبہ ہے جس سے غریب عوام کو مفت علاج کی سہولت میسر آئے گی اور غریب عوام کو ریلیف حاصل ہو گا ہماری وفاقی و صوبائی حکومت کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی حمایت کے بغیر کوئی بلدیاتی نمائندئے نہیں چلے سکتے ہیں ۔ حلقہ میں اربوں روپے کے میگا منصوبوں ہوئے ہیں دور دراز علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے ۔

ضلع میں بجلی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے گرڈ اسٹشینر اور فیڈرز کا جال بچھایا ہے۔ تین سالوں کے اندار ایک ہزار چار سو ٹرانسفارمرز کی تنصب کا کام ہوا ہے، جھاری کس سے چمبہ پل تک جی ٹی روڈ کی ازسرنو تعمیر کے لئے تعمیر کے لئے ایک ارب پچاس کروڑ روپے مختص کر دئیے گئے ہیں جس پر عنقریب کام کا آغاز ہو جائے گا۔