صحت مند معاشرے کیلئے کبڈی جیسے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے، جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران رہتے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ کبڈی ایک صحت مند اور روایتی کھیل ہے، صحت مند معاشرے کے لیے کبڈی جیسے دیگر کھیلوں کا فروغ ضروری ہے، صحت مند سرگرمیوں کے فروغ سے نوجوان کی ذہنی اور جسمانی نشوونما ہوتی ہے، جہاں کھیلوں کے میدان آباد رہتے ہیں وہاں ہسپتال ویران رہتے ہیں۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنڈ مہلو، گوجر خان میں کبڈی میچ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے، خطہ پوٹھوہار روایتی کھیلوں کے میدان میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کبڈی خطہ پوٹھوہار کا مشہور کھیل ہے، نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے کھیلوں کے میدان آباد رہنے چاہئیں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم، ٹیکنیکل تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے کھیلوں سے متعلق تحفظات کو دور کیا جائے گا،انہوں نے فاتح ٹیم میں انعامات بھی تقسیم کئے۔