صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا سینئر بزنس لیڈر ایس ایم منیر کو تیسری برسی پر خراج عقیدت

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی)عاطف اکرام شیخ نے فیڈریشن کے سابق صدر، پیٹرن انچیف یو بی جی اور سینئر بزنس لیڈر ایس ایم منیر کی تیسری برسی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ ایس ایم منیر کامیاب بزنس مین، لیڈر اور بلند پایہ انسان تھے۔ سابق صدر ایف پی سی سی آئی، پیٹرن …

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی)عاطف اکرام شیخ نے فیڈریشن کے سابق صدر، پیٹرن انچیف یو بی جی اور سینئر بزنس لیڈر ایس ایم منیر کی تیسری برسی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ ایس ایم منیر کامیاب بزنس مین، لیڈر اور بلند پایہ انسان تھے۔ سابق صدر ایف پی سی سی آئی، پیٹرن انچیف یو بی جی کی تیسری برسی کے موقع پر دعائیہ تقریبات کا انعقاد ایف پی سی سی آئی ہیڈ کوارٹر کراچی سمیت پریذیڈنٹ سیکرٹریٹ اسلام آباد، لاہور ریجنل آفس میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایس ایم منیر نہ صرف ایک کامیاب بزنس مین تھے بلکہ وہ کامیاب لیڈر اور شاندار انسان تھے جنہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل اور نئی قیادت کی تربیت پر صرف کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر نے اپنی وراثت میں ایمانداری، دیانت اور مسلسل جدوجہد جیسے اوصاف چھوڑے ہیں جن پر ہم سب کار بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر نے کئی اداروں کی نگرانی کی اور اپنی ذاتی کوششوں سے مسائل کے حل کیلئے جامع اقدامات اٹھائے اور پاکستان کے معاشی مسائل کے بہتر خدوخال اور طویل المدتی پالیسیوں کی تشکیل کیلئے مسلسل اقدامات کئے۔ انہوں نے مقامی چیمبرز سے لے کر فیڈریشن کی سطح تک بھرپور کام کیا اور بزنس کمیونٹی کی خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر پاکستان کی بزنس پالیٹکس کا ایک کامیاب ترین نام تھے جن کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی۔