صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سابق چینی صدر چیانگ زےمن کے انتقال پر اظہار ِتعزیت کیلئے چینی سفارتخانے کا دورہ

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سابق چینی صدر چیانگ زےمن کے انتقال پر اظہار ِتعزیت کیلئے چینی سفارتخانے کا دورہ

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق چینی صدر چیانگ زےمن کے انتقال پر اظہار ِتعزیت کیلئے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا، انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے چینی قیادت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔

صدر مملکت نے چینی سفیر نونگ رونگ سے بھی تعزیت کی۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق چینی سفارتخانہ کے دورہ کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سابق چینی صدر کے انتقال پر گہرا دکھ اور افسوس ہوا۔

میرے خیالات اور مخلصانہ دعائیں سابق صدر کے اہل خانہ، دوستوں اور چینی عوام کے ساتھ ہیں۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ چیانگ زے من ایک بہترین سیاستدان اور مدبر رہنما تھے ، سابق صدر نے دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی سطحوں پر عالمی امن و استحکام کو فروغ دیا، چیانگ زے من پاکستان کے ایک عظیم اور بااعتماد دوست تھے ۔

انہوں نے کہا کہ چیانگ زے من نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سٹرٹیجک تعاون پر مبنی دوستی کو مضبوط بنانے کے لئے انمول کردار ادا کیا ، سابق صدر نے پاکستان اور چین کے مابین عوامی روابط کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی غیر معمولی اعتماد، افہام و تفہیم، سٹرٹیجک رابطے اور وسیع تر عملی تعاون پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل کے لئے پرعزم ہے، سی پیک منصوبے پاکستان کے دور دراز علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں شراکت کی عکاسی کرتے ہیں، سی پیک نے پاکستان کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کیا ہے ، خصوصی اقتصادی زونز کی جلد تکمیل سرمایہ کاری کو تیز کرنے میں مدد دے گی ۔

صدر مملکت نے کورونا اور تباہ کن سیلاب کے دوران چین کی فراخدلانہ امداد پر شکریہ ادا کیا ۔ بعد ازاں پاکستان اور چین کے سرکاری میڈیا کو جاری کئے گئے پریس بیان میں صدر مملکت نے چین کے سابق صدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں پائیدار امن ، عالمی اور علاقائی معاشی و مالیاتی استحکام میں چین کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔