صدر ڈاکٹر عارف علوی کا تمام شہریوں کو بلا امتیاز صحت کی معیاری خدمات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک مضبوط معاشرے اور صحت مند ملک کی تعمیر کے لیے تمام شہریوں کو یکساں طور پر کسی امتیاز کے بغیر معیاری صحت کی خدمات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایڈز کے متاثرین کے لیے ٹیسٹ اور علاج کی خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم قومی اور صوبائی سطح پر ایچ آئی وی پرردعمل کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ڈیٹا پر مبنی حل کی حمایت، جانچ اور علاج تک رسائی کو بڑھانے، معاشرے کے کمزور طبقے کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور ایچ آئی وی کی بیماریوں اور اس کے متاثرین سے منسلک بدنامی اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یو این ایڈز، غیر سرکاری تنظیموں، نجی شعبہ اور اپنے شراکت داروں کے ساتھ ملکر ایچ آئی وی اور ایڈز سے نمٹنے کے نئے طریقے تلاش کرنے کےلئے کوششیں جاری رکھیں گے، یہ ایک قابل علاج بیماری ہے جو کمزور کمیونٹیز کو متاثر کررہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہم ان لوگوں کے لیے بھی دعاگو ہیں جنہوں نے ایڈز کی وجہ سے اپنی جانیں گنوائیں اور غمزدہ خاندانوں کے افراد کے ساتھ اپنی یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے اس مہلک بیماری کی وجہ سے اپنے پیاروں کو کھودیا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایڈز کے متاثرین کو یہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ ہم نئے انفیکشن کو روکنے کے مقصد کے ساتھ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہر سطح پر کام کرتے رہیں گے، جو لوگ اس میں مبتلا ہیں ان کا علاج انہیں بدنام کئے بغیر احتیاط اور جذبے سے کریں گے تاکہ ملک سے ایڈز کا صفایا اسی طرح کیا جاسکے جیسا بہت سے دوسرے ممالک نے کامیابی سے کیا ہے۔

صدر مملکت نے تمام متعلقہ فریقین پر ایک بار پھر زور دیا کہ وہ اس بیماری کو مکمل طور پر شکست دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں تاکہ عوام میں بیداری پیدا اور کمزور طبقوں کو مشاورت فراہم کی جائے تاکہ اس بیماری کو مکمل طور پر روک کر قیمتی جانوں کو بچانے کے لیے ابتدائی مرحلے میں اس کی تشخیص کی جاسکے۔