صوبائی حکومت عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے،،ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ

ترجمان حکومت بلوچستان کی مستونگ میں پولیو ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

کوئٹہ۔7جون (اے پی پی):حکومت بلوچستان کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے،اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے کفایت شعاری کے فروغ اور اخراجات میں کمی کے لیے کابینہ کے فیول کوٹہ اور دیگر مراعات میں پچاس فیصد کمی کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کے حالیہ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی پنشن میں 10فیصد اضافہ، بی ڈی اے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے ،کھاد پر سبسڈی فراہم کرنے،گندم کی درآمدی قیمت میں 200روپے کا اضافہ اور حب ،کاریزات اور اوستہ محمد کو ضلع بنانے کی اصولی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے صوبے کے 100بنیادی مراکز صحت کو بی ایچ یو پلس اور 30 بنیادی مراکز صحت کو آر ایچ سی پلس کا درجہ دیا ہے جبکہ شعبہ صحت کی بند سکیموں پر دوبارہ کام کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں کی پینے کے پانی سے متعلق مشکلات کے حل کے لیے 170واٹر سپلائی سکیمیں محکمہ واسا کے حوالے کرنے کے لیے کمیٹی کی تشکیل جبکہ ڈیرہ بگٹی میں پیرکوہ اور زین کو میں واٹر سپلائی سکیم کی بھی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کے عوام کو صحت تعلیم روزگار اور پانی کی فراہمی سے متعلق سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے بنیادی مسائل میں کمی واقع ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں ترقی کی رفتار تیز اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے پی ایس ڈی پی میں منصوبوں کی نشاندہی اور انتخاب کے طریقہ کار میں ترمیم کی بھی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے حالیہ فیصلوں کے اثرات جلد آنا شروع ہوں گے اور عوام ان فیصلوں کے ثمرات سے جلد مستفید ہوں گے۔