صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے دربار ہال سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی بار ایسوسی ایشنز کے لیے ویلفیئر گرانٹس اِن ایڈ کے چیکس تقسیم کیے۔
صوبائی وزیر قانون نے ملتان ، ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی بار ایسوسی ایشنز کیلئے ویلفیئر گرانٹس اِن ایڈ کے چیک تقسیم کردئیے

مزید خبریں
لاہور۔9جون (اے پی پی):صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے دربار ہال سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی بار ایسوسی ایشنز کے لیے ویلفیئر گرانٹس اِن ایڈ کے چیکس تقسیم کیے۔
تقریب میں مختلف ممبران پنجاب اسمبلی، بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران، سینئر وکلا اور وکلا برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ملتان ڈویژن کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز ملتان، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی جبکہ تحصیل بار ایسوسی ایشنز جلال پور پیر والا، شجاع آباد، جہانیاں، کبیر والا، میاں چنوں، دنیا پور، کہروڑ پکا، بورے والا اور میلسی کے لیے مجموعی طور پر 53 لاکھ روپے کے گرانٹ چیکس تقسیم کیے گئے۔اسی طرح ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز ڈیرہ غازی خان، تونسہ شریف، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، لیہ، راجن پور اور مری جبکہ تحصیل بار ایسوسی ایشنز علی پور، جتوئی، چوک سرور شہید، کروڑ لعل عیسن، چوبارہ، جام پور، روجھان اور پسرور کے لیے مجموعی طور پر 59 لاکھ روپے کے ویلفیئر گرانٹ چیکس تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ وکلا برادری انصاف کے نظام کا ایک اہم ستون ہے اور حکومت پنجاب ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز کو مالی معاونت فراہم کرنے کا مقصد وکلا کو بہتر سہولیات کی فراہمی، بار رومز کی اپ گریڈیشن اور پیشہ ورانہ ماحول کو مزید بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں حکومت وکلا برادری کی مشکلات کے حل اور ان کی فلاحی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے بھر کی بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ انصاف کی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط اور موثر بنایا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر بار ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے حکومت پنجاب اور صوبائی وزیر قانون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وکلا برادری کی فلاح کے لیے جاری اقدامات کو سراہا۔








