صوبہ بھر میں محرم الحرام کو پر امن بنانے کیلئے ہر ممکن انتظامات کئےجا رہے ہیں،خواجہ سلمان رفیق

صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام کو پر امن بنانے کیلئے ہر ممکن انتظامات کیے جا رہے ہیں،

ملتان۔ 09 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام کو پر امن بنانے کیلئے ہر ممکن انتظامات کیے جا رہے ہیں،

خواتین کے تحفظ کیلئے خصوصی طور پر لیڈی پولیس اہلکار تعینات کی جا ئیں گی ،انتظامیہ اور امن کمیٹیاں معاملہ فہمی کیساتھ عمدہ انتظامات کر ریے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے دورہ ملتان کے دوران ڈویژنل امن وامان کمیٹی اور علماء کرام سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ صوبائی وزیر و کو چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان بلال یاسین،صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی ، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سجاد منج، کمشنر ملتان عامر کریم، آر پی او عثمان گوندل، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی اور ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو بھی تھے۔ڈویژنل امن کمیٹی اور علماء کرام کی قیادت مولانا حنیف جالندھری نے کی۔ علماء کرام نے امن و اتحاد کی خاطر حکومتِ پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈویژنل امن کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام میں کسی کی دل آزاری نہیں ہوگی، تمام مکاتبِ فکر باہمی محبت و احترام کیساتھ محرم گزاریں گے، کوئی دشمن ہمارے آپسی اتفاق کو ٹھیس نہیں پہنچا سکتا۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ علماء کرام میں آپسی محبت اور احترام پورے معاشرے کیلئے قابل تقلید مثال ہے،پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنانے کیلئے بہترین انتظامات کیے جارہے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلال یاسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں محرم الحرام پُرامن انداز اور مذہبی عقیدت و احترام سے گزاریں گے، کسی مقام پر کوئی نئی اختراع نہیں بلکہ قواعد و ضوابط کے مطابق عشرہ محرم کے انتظامات جاری ہیں۔صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فیلڈ میں مصروف عمل افسران و اہلکار ہمارے ہیرو ہیں، انتظامیہ محکمہ داخلہ کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔