طلبہ داخلہ فارم پُر کرتے وقت اپنی تمام معلومات انتہائی احتیاط ذمہ داری کیساتھ درج کریں، حسن صفتیں

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے ریجنل ڈائریکٹر سیالکوٹ حسن صفتیں نے کہا ہے کہ داخلہ فارم پُر کرتے وقت طلبہ و طالبات اپنی تمام معلومات انتہائی احتیاط ذمہ داری کے ساتھ درج کریں، معمولی غلطی بھی بعد میں متعدد تعلیمی مسائل کا سبب بن سکتی ہے، اکثر طلبہ داخلہ فارم میں نام، موبائل نمبر

سیالکوٹ ۔ 09 جون (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے ریجنل ڈائریکٹر سیالکوٹ حسن صفتیں نے کہا ہے کہ داخلہ فارم پُر کرتے وقت طلبہ و طالبات اپنی تمام معلومات انتہائی احتیاط ذمہ داری کے ساتھ درج کریں، معمولی غلطی بھی بعد میں متعدد تعلیمی مسائل کا سبب بن سکتی ہے، اکثر طلبہ داخلہ فارم میں نام، موبائل نمبر، ای میل ایڈریس، رہائشی پتہ اور تعلیمی کوائف درست درج نہیں کرتے، جس کے نتیجے میں انہیں کتب کی بروقت ترسیل، رول نمبر سلپ کے اجرا، امتحانات میں شرکت، ورکشاپس کی معلومات کے حصول اور دیگر تدریسی امور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے زور دیا کہ طلبہ داخلہ جمع کروانے سے قبل اپنی تمام معلومات کی اچھی طرح جانچ پڑتال کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ ریجنل ڈائریکٹر حسن صفتیں نے اس موقع پر بتایا کہ طلبہ کی رہنمائی اور آگاہی کے لیے ایک مختصر مگر جامع معلوماتی ویڈیو تیار کی گئی ہے، جس میں داخلہ فارم پُر کرنے کے اہم مراحل اور احتیاطی تدابیر کو آسان انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے تمام طلبہ و طالبات سے اپیل کی کہ وہ اس ویڈیو کو ضرور دیکھیں، اس سے استفادہ کریں اور اپنے ساتھی طلبہ تک بھی پہنچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس رہنمائی سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ درست معلومات نہ صرف کامیاب داخلے کی بنیاد ہیں بلکہ ایک بہتر اور آسان تعلیمی سفر کی بھی ضمانت فراہم کرتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ طلبہ یونیورسٹی قواعد و ضوابط پر عمل پیرا ہو کر تعلیمی معاملات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔