علاقائی امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پائیدار حل ناگزیر ہے، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ناگزیر ہے۔ نہتے کشمیریوں کے خلاف طاقت کا استعمال نہ تو ان کی تحریک آزادی کو متزلزل کر سکتا ہے اور نہ ہی پاکستان کے اصولی موقف کو بدل سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا ۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھارت کا غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے خلاف ظلم و بربریت خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی نام نہاد جمہوری حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35-A کی منسوخی نے کشمیری عوام کو ان کی شناخت اور آزادی سے محروم کر دیا ہے جو بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ آرٹیکل کی منسوخی بھارتی حکومت کی بہیمانہ اور متعصبانہ پالیسیوں کی عکاسی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کے اصولی موقف کی حمایت کرتا ہے اور پاکستان تمام علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جدو جہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے پر عزم ہے اور پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمان کی جانب سے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ وادی میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کو بین الاقوامی اور علاقائی فورمز پر اجاگر کرنےکے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جدید معاشرے کی اخلاقی اقدار اور عوام کے بنیادی حق خود ارادیت کے منافی ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے بے دریغ استعمال کو بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا کہا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریک حق خودارادیت جلد کامیاب ہو گی اور وہ آزاد فضاؤں میں زندگی بسر کریں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ وادی میں کشمیری عوام کے تحریک حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور ہر فورم پربھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو کچلنے کے لیے ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے پر عزم ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے مظالم کے خلاف متعدد قراردادیں منظور کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر جارحانہ قبضہ ریاست کے جدید اصولوں اور عوام کے بنیادی حق خودارادیت کے منافی ہے۔