عمران خان جیل بھرو تحریک جیسے اقدامات کا اعلان کرکے عوام کی توجہ اپنی کرپشن سے ہٹانا چاہتے ہیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی

پارلیمنٹ کا کام قانون سازی اور عدالت کا انصاف کی فراہمی ہے،اداروں کے درمیان ٹکرائو کی صورتحال نہیں ہونی چاہیے،وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک جیسے اقدامات کا اعلان کرکے عوام کی توجہ اپنی کرپشن سے ہٹانا چاہتے ہیں، صوبہ خیبرپختونخوا میں ان کی کرپشن کی اتنی داستانیں ہیں کہ یہ سب جیل جائیں گے، عمران خان نے دس ہزارعسکریت پسندوں سمیت چالیس ہزار افغانیوں کوخیبرپختونخوا میں بسانا چاہتا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وفاقی وزبر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں اپیکس کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی، عمران خان کی جماعت کی پارٹی کے وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ یہ کبھی ہاں کرتے ہیں اور کبھی ناں کرتے ہیں، کبھی کہتے ہیں کہ اجلاس میں آئیں گے اورکبھی کہتے ہیں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری اور امن و امان کی بحالی کیلئے ایک پیج پر ہونا اچھی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے لگائے ہوئے آئی جی کے پی کے نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سابق حکومت نے دہشت گردی کی روک تھام اور امن و امان کی بہتری کیلئے کوئی مناسب اقدامات نہیں کئے۔ کے پی کے حکومت کو وفاقی حکومت سے 471 ارب روپے کے علاوہ این ایف سی ایوارڈ سے 70 ارب روپے اضافی ملے لیکن عوام کیلئے کچھ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کی سابق حکومت نے سیف سٹی منصوبہ شروع کیا۔

اس کی انکوائری رپورٹ چیف سیکرٹری کے دفتر میں موجود ہے اس منصوبے میں 150 ملین روپے کا غبن کیا گیا۔ ان کی کرپشن کی بڑی داستانیں ہیں۔ انہوں نے صوبہ کو برباد کیا۔ یہ صوبہ میں چالیس ہزار افغانی آباد کرنا چاہتا تھا جس میں دس ہزار عسکریت پسند تھے۔ اس شخص نے ان سے مذاکرات کئے، ہم کئی روز سے کہہ رہے تھے کہ صوبہ میں بدامنی بڑھ رہی ہے لیکن ہماری بات نہیں سنی گئی۔

اب سانحہ پشاور پیش آیا ہے۔کے پی کے میں ملازمین اپنی تنخواہوں کیلئے سڑکوں پر ہیں۔ پہلے ہی کہا تھا اگر یہ کے پی کے اسمبلی توڑیں گے تو کرپشن کے باعث ان کے آدھے لوگ جیلوں میں ہوں گے۔