عمران خان ملک میں افراتفری ،انارکی اور فتنہ وفساد پھیلانے کی کوشش کررہا ہے،حکومت کسی کو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

عوام کو آٹے اور گندم کی بلاتعطل فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں افراتفری ،انارکی اور فتنہ وفساد پھیلانے کی کوشش کررہا ہے،نوجوانوں کو گمراہ کررہا ہے اس لئے اس فتنہ کو روکنا ضروری ہے۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پیر کے روز اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی جس میں عمران خان کے لانگ مارچ بارے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اس وقت ہمارا ملک احتجاج یاجلسے جلوسوں کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا ،عمران خان کے لانگ مارچ سے ملک کو نقصان پہنچے گا، میری رائے ہے کہ لانگ مارچ کو روکنا چاہیے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت عمران خان کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہوکر کوئی اعلان نہیں کرے گی،ملک میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت سے کیا جائے گا ۔

وزیر داخلہ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان نے گزشتہ تین سالوں کے دوران جو ملک کے ساتھ کیا ہے وہ سب کے سامنے لے کر آئیں گے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے فیصلہ عوام کو اعتماد میں لے کر کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج تمام سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے لیکن کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،اگر قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔