عمران خان کا اصل چہرہ کھل کرقوم کے سامنے آ چکا ،پی ٹی آ ئی کا ایجنڈا فتنہ وانتشار پیدا کرنا ہے ،عظمٰی بخاری

لاہور۔10اگست (اے پی پی):مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان کا اصل چہرہ کھل کر پاکستان کی باشعورقوم کے سامنے آ چکا ہے ،جو شخص زکوة اور چندے کی حفاظت نہیں کرسکتا وہ ملک کی حفاظت کیا کرے گا، پی ٹی آ ئی کا ایجنڈا فتنہ اور انتشار پیدا کرنا ہے ،دوسروں کو چور کہنے والا خود چور ثابت ہو چکااور اب وہ جعلی صادق و امین بنا ہوا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آ چکا ہے ،جو شخص چندے کی حفاظت نہیں کرسکتا وہ ملک کی حفاظت کیا کرے گا، پی ٹی آ ئی کا ایجنڈا فتنہ اور انتشار پیدا کرنا ہے ،ہیلی کاپٹر حادثے پر پوری قوم افسردہ تھی جبکہ پاکستانی تحریک انصاف سوشل میڈیا ٹرینڈ چلوا رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل جیسے لوگوں کا نہ تو کوئی سیاسی بیک گرائونڈ ہے اور نہ ہی ان کی زبان کا ا سٹاپر ہے ، انہوں نے کہا کہ شہباز گل کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ، ان کی گرفتاری تک کسی نے ان سے اظہار لا تعلقی نہیں کیا ہے،فواد چوہدری پارٹی کے ترجمان ہیں کیا وہ بھی شہباز گل کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کر یں گے۔عظمی ٰبخاری نے کہا کہ اب تو پرویز الہٰی نے بھی ایسی مہم سے لا تعلقی کا اظہار کردیا ہے،پرویز الہٰی نے کہا کہ میں نے شہباز گل کو ڈانٹا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہباز گل آج اکیلے عدالت میں پیش ہوئے ،عمران خان ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کیوں نہیں آ ئے،انہیں شہباز گل کے ساتھ عدالت جانا چاہیے تھا مگر عمران کو ثاقب نثار جیسے جج چاہیں جو اس کا ایجنڈا پورا کر سکیں۔

انہوں نے کہا شہباز گل کے بیان کے حوالے سے ہمارے پاس شواہد موجود ہیں، اس کا بیان ایک منظم طریقے سے چلایا گیا، اب اس حوالے سے مزید شہباز گل خود بتائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پاکستان کے آئین کی بالا دستی اور اداروں کو مستحکم کرنے کی بات کی ہے ، میں تحریک انصاف سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ شہداء کی توہین کرنا اور ان کے ساتھ کھڑے نہ ہونا کیا یہ بغاوت نہیں ہے، اس وقت پاکستانی قوم شہداء کے ساتھ کھڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بنی گالہ کے کسی تہہ خانے میں چھپے ہوئے ہیں اور انہیں ڈر ہے کہ مجھے گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج ملک کا ایک منظم ادارہ ہے جس پر قوم کو فخر اور وہ اپنی حدودو میں رہ کر کام کر رہی ہے ،ہم عمران خان کے فتنہ فساد سے ڈرنے والے نہیں ہیں بلکہ اس کے فتنے کو انجام تک پہنچائیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں عظمٰی بخاری نے کہا کہ عمران خان پر شہرت حاصل کرنے کا بھوت سوار ہے اور وہ نوجوان نسل میں نفرت کا بیج بو رہے ہیں جس سے ملک کا نقصان ہو گا،انہوں نے کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا خود چور ثابت ہو چکا اور وہ جعلی صادق وامین بنا ہوا ہے۔