عمران خان ہر بار دوسروں پر ذمہ داری ڈال کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے، اب ان کو قوم کے سوالوں کے جوابات دینا ہوں گے، سینیٹر شیری رحمن

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے عمران خان ہر بار دوسروں پر ذمہ داری ڈال کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے، اب ان کو قوم کے سوالوں کے جوابات دینا ہوں گے۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کو یقین دلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ دہشت گردی اور مہنگائی کے ذمہ دار نہیں، کہتے ہیں وہ جوابدہ نہیں، ان سے پہلے حکومت کرنے والے ذمہ دار ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان ہر بار دوسروں پر ذمہ داری ڈال کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے، انہیں قوم کے10 سوالوں کے جوابات دینا ہوں گے، وہ بتائیں کہ اسامہ بن لادن کو شہید کس نے کہا، دہشت گردوں سے مذاکرات کس نے کئے، سزا یافتہ دہشت گردوں کو صدارتی معافی کس نے دلوائی، دہشت گردوں کو کس مقصد کیلئے صدارتی معافی اور رہائی دی گئی، کیا سزا یافتہ دہشت گردوں کی رہائی کے حوالے سے پارلیمان کو اعتماد میں لیا گیا،

ملک میں دہشت گردوں کے دفتر کھولنے کا خواہشمند کون تھا، 30 سے 40 ہزار جنگجوؤں کی پاکستان میں آبادکاری کون کرنا چاہتا تھا، کیا ان جنگجوؤں کو پاکستان میں آباد کرنے کی اجازت پارلیمان سے لی گئی تھی، اگر نہیں، تو کیا ان کو ملک میں آباد کرنے کا فیصلہ عمران خان کا ذاتی تھا، تحریک انصاف حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کو رعایتیں دینے کے باوجود دہشت گردی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ کیوں ہوا؟

انہوں نے کہا کہ ملک نے 70 ہزار سے زائد شہادتیں دی ہیں، آپ کی بدترین حکومت سے پہلے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو چکا تھا۔ اب آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ میں جوابدہ نہیں ۔