عمران خاں کا سیاہ اور بھیانک چہرہ ملک کی تباہی کا مسلسل سبب بن رہا ہے۔رانا تنویر حسین

لاہور۔18مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خاں کا سیاہ اور بھیانک چہرہ ملک کی تباہی کا مسلسل سبب بن رہا ہے یہ شخص یہودی لابی کا ایجنٹ ہے اور پاکستان میں یہودیوں کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے اس نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ دراصل 2014 میں اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاتی تو آج ملک کے حالات ایسے نہ ہوتے اس وقت بجلی کے بل جلائے گئے ۔پرائم منسٹر ہاوس اور پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا۔ پٹرول بم رکھے۔ یہ شخص بغاوت کا مرتکب ہے اور اس شخص کیخلاف بغاوت کا مقدمہ ہو نا چاہئے تھا لیکن کچھ لوگ اپنے مفادات کیلئے پاگل ہو ئے جا رہے ہیں حالانکہ چار سالوں میں اس کی کارکردگی صفر رہی اور ملک کو تباہ کردیا ۔

اگر 2018 میں نواز شریف کی حکومت ہوتی تو پاکستان ایشیا کا خوشحال اور ترقی یافتہ ملک ہوتا۔ وہ یہاں نارنگ منڈی کے علاقہ کوٹلی میانی میں معروف سیاسی و سماجی شخصیات چوہدری ذوالفقار علی بھٹہ چوہدری افتخار علی بھٹہ چوہدری احمد حسن بھٹہ کی جانب سے پی ٹی آئی چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ ن میں اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت شامل ہونے اور الیکشن میں مسلم لیگ کے امیدواروں کی برملا حمایت کرنے کے اعلان پر ایک فقید المثال جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی رانا افضال حسین جبکہ امیدوار ایم این اے رانا احمد عتیق انور اور امیدوار ایم پی اے چوہدری حسان ریاض بھی موجود تھے ۔ چئیرمین چوہدری نوید احمد بھٹی چوہدری جواد رسول بسرا رانا اعجاز محمد عزیر بھٹی سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا شاندار استقبال کیا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ زمان پارک میں ایک سرکس لگا رکھا ہے ۔نہتے پولیس والوں پر تشدد کیا جارہا ہے، گرفتاری سے بچنے کیلئے ریاستی اداروں کو چیلنچ کیا جارہا ہے ۔عمران خان نے اداروں کیخلاف عام شہریوں کو لاکھڑا کیا ہے اور حالات کو خراب کرنے پر تلا ہوا ہے ۔عمران خان پہلے کی طرح اب بھی فاششٹ نظام چلانے کی کوشش کر رہا ہے اور یہ افسوس ناک صورتحال ہے ۔قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالا دستی سے کامیاب معاشرہ دے سکتے ہیں۔ پاکستان کیلئے مشکل وقت ہے مملکت کی بہتری کیلئے ہمیں مل جل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔