عمران نیازی ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، وفاقی وزیر شازیہ مری

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ بڑھا کر 400 ارب روپے کر دیا گیا ہے،وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ مری

کراچی۔28جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے پی ٹی آئی سربراہ کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری پر الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران احمد نیازی پاگل ہو چکے ہیں اور ان کے الزامات اور بیانات جواب دینے کے قابل بھی نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں بے نظیر نشینوم سنٹر کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے مخالفین کے خلاف کبھی ایک لفظ بھی نہیں بولا، عمران نیازی ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کسی صوبے کو نظر انداز نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مثبت رویے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور ہر صوبائی حکومت سے رابطہ کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ان کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔صوبائی حکومت نے ان کے ساتھ اس وقت بھی تعاون کیا جب وزیر اعظم شہباز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے 25ہزار روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا مطلب پاکستان تحریک انتشار ہے۔ میں نے بارہا کہا ہے کہ وہ ملک میں انتشار پھیلانا اور سیاسی بے یقینی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی استحکام معاشی استحکام سے جڑا ہوا ہے جس سے غریب عوام کے لیے کام کرنے میں مدد ملے گی۔