عوام سب جانتے ہیں، اپنے مجرم کو پہچانتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا پروٹوکول آفیسرپی آئی ڈی مقبول احمد کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام سب جانتے ہیں، اپنے مجرم کو پہچانتے ہیں، عمران صاحب ! جھوٹ بولنے، دھمکی دینے اور گالی دینے سے حقیقت نہیں چھپتی ۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عوام سب جانتے ہیں ، اصل معاشی تباہی، بے روزگاری اور بھوک کا مجرم عمران خان ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں 2018ء میں مسلم لیگ (ن) اور 2022ء میں پی ٹی آئی کے دور حکومت کے دوران ملکی ترقی کے حوالے سے اعداد و شمار کا گراف بھی شیئر کیا۔

اس گراف کے مطابق 2018ء میں ڈالر کی قیمت 116 روپے تھی جو 2022ء میں بڑھ کر 189 روپے ہو گئی۔ قومی ترقی کی رفتار 6.1 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد (متوقع)، مہنگائی 3.9 فیصد سے بڑھ کر 13 فیصد، غذائی مہنگائی 2.3 فیصد سے بڑھ کر 15 فیصد، آٹا 20 کلو 700 روپے سے بڑھ کر 1100 روپے، چینی فی کلو 53 روپے سے بڑھ کر 90 روپے، گھی فی کلو 151 روپے سے بڑھ کر 470 روپے، بجلی فی یونٹ 11 روپے سے بڑھ کر 25 روپے، گیس 600 روپے ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھ کر 1400 روپے ایم ایم بی ٹی یو، یوریا بوری کی قیمت 1380 روپے سے بڑھ کر 1918 روپے (3 ہزار روپے میں بھی فروخت ہوئی)، مالی خسارہ 2260 ارب روپے سے بڑھ کر 5600 ارب روپے (متوقع)، تجارتی خسارہ 30.9 ارب ڈالر سے بڑھ کر 43 ارب ڈالر، جی ڈی پی اور ٹیکس کا تناسب 11.1 فیصد سے بڑھ کر 9.2 فیصد، حکومتی قرضہ 1947ء سے لے کر 2018ء تک 24953 ارب روپے سے بڑھ کر ساڑھے تین سال میں 42745 ارب روپے، بے روزگاروں کی تعداد 35 لاکھ سے بڑھ کر 95 لاکھ روپے ہو گئی یعنی ملک میں 60 لاکھ بے روزگاروں کا اضافہ ہوا۔

اسی طرح ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس رینکنگ 117 سے 140 ہوئی، کرپشن میں 23 فیصد اضافہ ہوا۔ چار سال میں غربت کی لکیر سے نیچے افراد کی تعداد میں 2 کروڑ افراد بشمول1.3 کروڑ بچوں کا اضافہ ہوا۔