لاہور۔8فروری (اے پی پی):چیئر مین وزیر اعظم یو تھ پرو گرا م رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ قوموں کی زندگی میں کچھ دن بہت اہمیت رکھتے ہیں، عوام کا مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر اعتماد نظرآ رہا ہے ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مد برانہ قیادت میں پاکستان کو اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام دوبا رہ ملا،8 فروری یوم تعمیر و ترقی ہے۔ ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں گلشن راوی مون ما رکیٹ میں عوامی جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ عوام کا مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر اعتماد نظر آ رہا ہے،جو کہتے تھے کہ ہماری پارٹی کا مستقبل کوئی نہیں، آج وہ لو گ کہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی 40 فیصد سے 4 فیصد پر آ گئی ہے،دنیا بھر کے مسلمانوں کی نمائندگی وزیر اعظم محمد شہباز شریف کر رہے ہیں،41 ملک پاکستان میں آئے اور انہوں نے کہا کہ جو فیصلہ پاکستان کرے گا ہم ساتھ کھڑے ہوں گے، پاکستانی نوجوانوں کی ترقی کوئی نہیں روک سکے گا،یہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اورقائد محمد نواز شریف کا وعدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ2008 میں جب ہماری حکومت بنی توہم نے دن رات کام کر کے پنجاب میں گڈ گورننس قائم کی،2013 میں محمد نواز شریف تیسری بار وزیر اعظم بنےتو ورلڈ بنک کہتا تھا کہ پاکستان دیوالیہ ہو رہا ہے،اس دور میں ہر روز دہشت گردوں کے حملے ہوتے تھے،2013 کا پاکستان لوڈ شیڈنگ میں گھرا ہوا تھا، ہم نے حالات کا مقابلہ اور غربت کا خاتمہ کیا۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ2018 ء میں ایک حکومت آئی جو مودی کے مشن پر چلی،اس حکومت نے ملک کے اداروں پر حملہ کیا،انہوں نے اس وقت بھی احتجاج کیا جب ہم دہشت گردوں سے لڑ رہے تھے،2014 میں جو صوبہ ان کے پاس تھا ،اس وقت دہشت گردوں نے اے پی ایس کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا،یہ لوگ دہشت گردی کو پروان چڑھانے والے ہیں
،یہ وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے دہشت گردی ملک میں واپس آئی۔انہوں نے کہا کہ ان لو گوں نے نواز شریف کو نا اہل کروا کر ملک کو ڈی ٹریک کیا، نواز شریف پر جھوٹا مقدمہ بنایا،مریم نواز کو اپنے والد کے سامنے ہتھکڑیاں لگائی گئیں،رانا ثنا اللہ اور خواجہ سعد رفیق کو جیل میں بند کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ2018 کا الیکشن چوری نہ ہوتا تو پاکستان کے یہ حالات نہ ہوتے،وقت نے ثابت کیا کہ پاکستانی قوم پر جس شخص کو مسلط کیا گیا تھا اس نے مہنگائی کا طوفان لا کر کھڑا کر دیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف پر جتنے کیس بنائے گئے ،عدالتوں نے ان کو کلین چٹ دی۔
رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس سے واضح ہوتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی اور فرح گوگی نے پیسہ کھایا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم یوم تعمیر و ترقی منا رہے ہیں،پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے والے وزیر اعظم محمدشہباز شریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی قوم کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ٹیکسز کی مد میں قربانی دی،آج دنیا بھر سے لوگ سرمایہ کاری کر رہے ہیں،پاکستانی پاسپورٹ کی عزت کا وقت آ چکا ہے،مہنگائی 40 فیصد سے 4 فیصد پر آ چکی اورمعیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہو چکی ہے
،اس سے کاروباروں کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ جو مینڈیٹ 2018 میں چوری ہوا تھا وہ پاکستانیوں نے8 فروری کو محمد شہباز شریف کی شکل میں واپس کیا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز روز صوبے میں کوئی نیا پروجیکٹ لے کر آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمنوں کی اب اس ملک میں کوئی جگہ نہیں،ہماری پاک فوج دن رات قربانیاں دے رہی ہے،اگر آج ہم محفوظ ہیں تو سیاسی جماعتوں سے زیادہ کردار ہمارے فوجی جوانوں کا ہے،جو ہماری فوج پر انگلی اٹھائے گا ،اب اس کا احتساب ہو گا۔