عوام کو بروقت، معیاری اور آسان خدمات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،خواجہ عمران نذیر

لاہور۔9جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت نادرا اور محکمہ صحت کے درمیان اجلاس منعقد ہوا

لاہور۔9جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت نادرا اور محکمہ صحت کے درمیان اجلاس منعقد ہوا جس میں پیدائش، وفات اور شہری اندراج کے نظام کو مزید موثر، مربوط اور جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب، ڈی جی نادرا پنجاب فضا شاہد، ایڈیشنل ڈائریکٹر رضوان علی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سی آر وی ایس پنجاب رضوان علی بھٹی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ نادرا اور محکمہ صحت کے درمیان ڈیجیٹل انٹیگریشن، ڈیٹا شیئرنگ اور شہری ریکارڈ کے نظام میں بہتری کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ شہری ریکارڈ کے نظام میں شفافیت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سی ایچ آئی پروگرام کے تحت ڈیٹا شیئرنگ کا نظام ایک گیم چینجر ثابت ہوگا اور حکومت کمیونٹی بیسڈ ڈیٹا شیئرنگ کی جانب پیش رفت کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر اور بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔ صوبائی وزیر نے سروس ڈیلیوری کو مزید موثر بنانے کے لیے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں پیدائش اور وفات کی بروقت رجسٹریشن کے نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے شہریوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر معیاری اور آسان خدمات کی فراہمی کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی غور کیا۔خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو بروقت، معیاری اور آسان خدمات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل نظام نہ صرف شہری سہولیات میں بہتری لائے گا بلکہ گڈ گورننس اور موثر انتظامی نظام کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔اجلاس کے اختتام پر محکمہ صحت اور نادرا کے درمیان باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا جبکہ عوامی فلاح، مثر سروس ڈیلیوری اور ریکارڈ مینجمنٹ کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔