ریاض ۔11ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب نے کہا ہے کہ غزہ میں امداد کی فراہمی کےلیے مصر کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔الاخباریہ کے مطابق وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے قاھرہ میں عرب لیگ کے 162 ویں اجلاس کے موقع پر مصری ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ وزار خارجہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مصر کے ساتھ تعلقات میں مزید اضافے کا خواہاں ہے اور آنے والے دنوں میں سعودی، مصری رابطہ کونسل کے آغاز کی توقع ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی، مصری تعاون خطے اور دنیا میں استحکام برقرار رکھے گا، یہ دراصل علاقائی سلامتی کا مرکز و محور ہے۔شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ غزہ پٹی میں جنگ بندی میں تاخیر دراصل بین الاقوامی سیکیورٹی سسٹم کی ناکامی کا بار بار ثبوت ہے۔ اس سسٹم کا از سرنوجائزہ لینا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم نا ممکن کے لیے نہیں کہہ رہے، ہم صرف بین الاقوامی قانون کے نفاذ کےلیے کہہ رہے ہیں کہ اسرائیل عالمی قانون کی پابندی کرے اور اس پرعمل درآمد کو یقینی بنائے۔