فائیو۔ای فریم ورک پاکستان میں معاشی ترقی کا گیم چینجر ثابت ہوگا، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فائیو۔ای فریم ورک پاکستان میں معاشی ترقی کا گیم چینجر ثابت ہوگا، ایکسپورٹس، ای پاکستان، واٹر اینڈ فوڈ سیکورٹی، انوائرمنٹ، انرجی اور ایکویٹی ٹرن ارائونڈ پاکستان کے ستون ہیں، اس فریم ورک کے ذریعے برآمدات میں اضافے کے لئے نئے کاروباروں اور روزگار کی حوصلہ افزائی ہوگی، تعلیم، صحت کے فروغ اور آبادی پر کنٹرول سے پاکستان کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سستی اور بلا تعطل توانائی کی فراہمی سے معیشت و کاروبار میں نئی تیزی آئے گی، آبی ذخائر اور غذائی تحفظ کے ذریعے ماحول بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای پاکستان کے ذریعے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دیں گے، انہیں بااختیار بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی کے لحاظ سے فسکل خسارے کا 4.9 فیصد سے کم ہو کر 4.6 فیصد پر آنا بڑی کامیابی ہے، یہ حکومت کی درست معاشی پالیسی کا مثبت نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں 76 فیصد کمی درست معاشی پالیسی کی علامت ہے، تجارتی خسارے میں 40.4 فیصد کمی معاشی اقدامات کی درستگی کو ظاہر کرتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تجارتی خسارہ 43.4 ارب ڈالر سے کم ہو کر 25.8 ارب ڈالر ہو گیا ہے جو بہتری کی جانب آغاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ درآمدات میں 29.2 فیصد کمی ہوئی جس کے معاشی صورتحال پر اثرات مرتب ہوئے، 72.3 ارب ڈالر کے مقابلے میں درآمدات کا 51.2 ارب ڈالر پر آنا معاشی بہتری کی طرف قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے 5 ہزار 348.2 ارب روپے کے مقابلے میں 6210 ارب روپے ٹیکس ریونیو جمع ہوا۔

رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 7 لاکھ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے ہدف کے مقابلے میں تقریباً 9 لاکھ 12 ہزار نئے ٹیکس دہندگان کو رجسٹرڈ کیا ہے۔ یہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1.15 ٹریلین روپے کا وفاقی ترقیاتی بجٹ مختص ہونے سے ملک میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی اور روزگار بڑھے گا۔