فرنچ اوپن ٹینس ویمنز سنگلز،آئیگا نتالیہ سوئیٹک اورکیرولینا موچووا فائنل میں پہنچ گئیں

ڈنمارک کے ہولگر رونے کا بیسل اوپن ٹینس مینز سنگلز کا فاتحانہ آغاز

پیرس۔9جون (اے پی پی):پولینڈ کی ٹینس سٹار عالمی نمبر ایک ، میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈاور دفاعی چیمپئن آئیگا سوئیٹک اورجمہوریہ چیک کی کیرولینا موچووا اپنی فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے فرنچ اوپن ٹینس کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں پہنچ گئیں۔آئیگا سوئیٹک نے سیمی فائنل میں حریف برازیلین ٹینس کھلاڑی بیٹریز حداد ما کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا اور اب ان کو اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے مزید ایک فتح درکار ہے۔

کیرولینا موچووا نے بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ سیکنڈ سیڈ ڈ آرینا سبالینکا کو اپ سیٹ شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ یوں جمہوریہ چیک کی کیرولینا موچووا نے پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلام کے فائنل میں پہنچے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ 26 سالہ کیرولینا موچووا کل (ہفتہ کو) ہونے والے فائنل میں دفاعی چیمپئن پولینڈ کی ٹاپ سیڈ ایگا سوئیٹک سے کھیلیں گی۔

سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہے ۔ میگا ایونٹ کے ویمن سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میچ میں میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈاور دفاعی چیمپئن آئیگا سوئیٹک نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف برازیلین ٹینس کھلاڑی بیٹریز حداد مایا کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں2-6 اور 6-7(7-9)سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے اور آخری سیمی فائنل میچ میں جمہوریہ چیک کی کیرولینا موچووا سخت مقابلے کے بعد بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ سیکنڈ سیڈ ڈ آرینا سبالینکا کو 6-7(5-7)، 7-6(7-5) اور 5-7 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ کسی میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔دفاعی چیمپئن آئیگا سوئیٹک کو اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لئے مزید ایک فتح کی ضرورت ہے۔وہ کل کیرولینا موچووا کے خلاف ٹائٹل کی بقا کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔