فٹنس مسائل کے باعث فاسٹ بائولر حارث رؤف انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی): پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر حارث رؤف فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آئندہ میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز میں ریڈ بال فارمیٹ میں ڈیبیو کرنے والے 29 سالہ حارث رئوف راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلےروز کھیل کے دوران فیلڈنگ کے دوران گیند پر گرنے کے باعث دائیں ران میں کھچائو پیدا ہوا جس کے باعث وہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آئندہ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کرتےہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز فیلڈنگ کے دوران گیند کے اوپر گرنے کے بعد فاسٹ باؤلر کا ایم آر آئی کرایا گیا۔پی سی بی کے طبی عملے کے اسکینز اور بعد ازاں تشخیص سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ فاسٹ باؤلر کو گریڈ II کے تناؤ کا سامنا ہے۔حارث اب نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی بحالی شروع کرنے کے لیے لاہور جائیں گے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے 22 سال بعد پاکستان کو اسی کی سرزمین پرتین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 74 رنز سے شکست دی تھی اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے ۔ واضح رہے کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 9 سے 13 دسمبر تک ملتان میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ کراچی میں 17 سے 21 دسمبر تک شیڈول ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جلد ہی زخمی کھلاڑی کے متبادل کے بارے میں باضابطہ اعلان کرے گا۔ فہیم اشرف اور محمد نواز جو دونوں ٹیم کا حصہ ہیں ملتان ٹیسٹ کے لیے حارث کا ممکنہ متبادل ہو سکتے ہیں۔