فٹ بال ورلڈ کپ چیمپئن ارجنٹائن کی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

فٹ بال ورلڈ کپ چیمپئن ارجنٹائن کی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

بیونس آئرس۔20دسمبر (اے پی پی):بائیسویں فٹ بال ورلڈ کپ فاتح ارجنٹائن کی ٹیم قطر سے ارجنٹائن واپس پہنچ گئی۔ ارجنٹائن کی ٹیم اپنے کپتان لیونل میسی کے ساتھ قطر سے ارجنٹائن جانے والا ہوائی جہاز پر منگل کی علی الصبح ارجنٹائن کے مقامی وقت کے مطابق 2 بجکر 40 منٹ پر بیونس آئرس کے ایزیزا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی ہے ۔

فٹ بال ورلڈ کپ کے 18 دسمبر بروز اتوار کے سنسنی خیز فائنل میں فرانس کو شکست دینے والے کھلاڑی ایئرپورٹ کے قریب ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن (اے ایف اے) کے ٹریننگ کمپلیکس میں رات گزاریں گے، جہاں ہزاروں حامی ان کے استقبال کے لیے منتظر ہیں۔

اس کے بعد وہ دوپہر میں بیونس آئرس شہر کے مرکز کا چکر لگائیں گے جس میں عوامی تعطیل کے موقع پر لاکھوں افراد ان کے استقبال میں سڑکوں پر نکل آئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق ارجنٹائن کی ٹیم بیونس آئرس کے ایزیزا بین الاقوامی ہوائی اڈے پرپہنچی تو ہوائی جہاز سے نکلنے والے پہلے کھلاڑی کپتان لیونل میسی تھے اور ٹیم کوچ لیونل سکالونی تھے۔ انہوں نے فائنل میچ میں مقررہ وقت کے کھیل میں دو گول سکور کئے ۔

لیونل میسی نے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ہوائی جہاز کی دم پر میسی کی تصویر ان کے کہے گئے الفاظ “ایک ٹیم، ایک ملک، ایک خواب” کے ساتھ بنی ہوئی تھی۔ ہوائی جہاز سے اتر کر ٹیم ریڈ کارپٹ پر اوپن ٹاپ بس میں داخل ہوئی اور ورلڈ کپ تھیم سانگ کی گونج میں اے ایف اے کمپلیکس کے لیے روانہ ہو گئی۔یاد رہے کہ ارجنٹائن نے دفاعی چیمپئن فرانس کو سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد پنالٹی ککس پ2-4گولز سے شکست دے کر تیسری مرتبہ فیفا ورلڈکپ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔