فیصل آباد انتظامیہ کی کارروائیاں و اقدامات جاری،کھاد ڈیلرز کویوریا کے 6500بیگز سپلائی،73گرانفروشوں کوبھاری جرمانے،مزید 9عادی وپیشہ ور بھکاری پکڑے گئے،4 بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج

فیصل آباد ۔6مارچ (اے پی پی):کمشنر فیصل آباد زاہد حسین کی خصوصی ہدایت پرفیصل آباد انتظامیہ کی کاروائیاں و اقدامات اتوار کو بھی جاری رہے۔ اس ضمن میں ضلع میں 9نوٹیفائیڈ کھاد ڈیلرز کویوریاکھاد کے 6500بیگز سپلائی کئے گئے جن میں سے تحصیل تاندلیانوالہ میں 3 ڈیلرزکو 800 بیگز،تحصیل سمندری میں 3 ڈیلرزکو3100 بیگز،تحصیل فیصل آباد میں 2ڈیلرز کو 2000 بیگزاورتحصیل جڑانوالہ میں ایک ڈیلرکو 600 بوری سپلائی کی گئی جن کی مانیٹرنگ اور حقیقی کاشتکاروں کو فروخت کو یقینی بنایا گیا۔

دوسری جانب ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اشیائے ضروریہ مہنگے داموں فروخت کرنے پر73گرانفروشوں کوموقع پر ہی مجموعی طور پر ایک لاکھ 39ہزارروپے جرمانوں کی سزادی۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں وبازاروں میں مختلف اوقات کے دوران روزمرہ استعمال کی اشیاکی قیمتوں کو چیک کیا اورپھل وسبزیوں،چکن،گوشت،چینی وکریانہ سمیت بعض دیگراشیا مقررہ نرخوں سے زائدقیمت پر فروخت کرنے پر اور نرخنامے آویزاں نہ کرنے پر ایکشن لیا۔دریں اثناڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو تاکید کی کہ چکن کی اوورچارجنگ کی مکمل انداز میں روک تھام یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ زائد قیمت وصول کرنیوالوں کے خلاف ایکشن لیں اور کارروائی رپورٹ سے آگاہ کیا جائے۔دریں اثناسوشل ویلفیئر آفیسروفوکل پرسن محمد طاہر کے مطابق انسداد گداگری مہم کے تحت اینٹی بیگری سکواڈ نے جھمرہ روڈ شمس آباد،کینال روڈ کشمیر پل، اسٹیشن چوک،اکبر آباد جیل روڈ، جدہ مارکیٹ ستیانہ روڈ،چناب کلب چوک،7 ج ب سرگودھا روڈ،سمال اسٹیٹ مسجد اسماعیل روڈ ودیگر پبلک مقامات سے مزید 9عادی وپیشہ ور بھکاریوں کو تحویل میں لیااور بار بار وارننگ کے باوجود شہریوں کیلئے اذیت وپریشانی کا باعث بننے والے گداگروں کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے گئے۔

علاوہ ازیں محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے ایکشن لیتے ہوئے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے 4 بھٹوں کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرادیئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ ماحولیات فرحت عباس کموکا کی زیر نگرانی محکمہ کی ٹیموں نے ضلع بھر میں بھٹوں کی انسپکشن کی اور ٹیکنالوجی کے بغیر فنکشنل بھٹوں کی انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی اور بھٹوں کو بند کرادیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ چک 51 ج ب میں مدنی برکس،چک47 ج ب میں چوہدری برکس،6 ج ب میں رندھاوا وچیمہ برکس اور 51 ج ب میں کلیم الراحمن رندھاوا برکس کے مالکان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ زہریلا دھواں چھوڑ کر ماحول کو آلودہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شاہرات پر وہیکلز کی چیکنگ کے دوران 12 گاڑیوں کو جرمانے بھی کئے گئے جبکہ عوام الناس میں ماحول کو آلودگی سے بچانے کا احساس اجاگر کرنے کیلئے آگاہی پمفلٹس کی تقسیم کا عمل بھی بلاتعطل جاری ہے۔مزید برآں ڈپٹی کمشنروایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن علی شہزاد نے اتوار کو گھنٹہ گھر سے ملحقہ بازاروں کا دورہ کیا اورتجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیا۔

چیف کارپوریشن آفیسر زبیر حسین،میونسپل آفیسر ریگولیشن اور متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنروایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے گول بازاروں کے کارنرز پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پوری قانونی قوت سے مکمل کیا جائے تاکہ احکامات پر من و عن عملدرآمد ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کی کارروائی رپورٹ سے انہیں مسلسل باخبر رکھیں۔

اسی طرح وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید نے پی ایم یو سمندری روڈ پر سمن آباد اور علامہ اقبال کالونی سمیت دیگر علاقوں کے معززین سے ملاقات اور ان کے مسائل سے آگاہی لیتے ہوئے انہیں جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وائس چیئرمین سے میاں عادل مجید،ملک اکبر،مرزا زاہد اور حاجی راسم مغل نے ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وائس چیئرمین نے کہا کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اس موقع پر نثار ڈوگر،اعجاز لطیف ڈائریکٹر آپریشن،غلام شبر ڈپٹی ڈائریکٹر، شاہنواز اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔نیزضلعی انتظامیہ کی اپیل پرفیصل آبادانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو ہارٹ سیور فاؤنڈیشن کی طرف سے مزید10 عدد سٹریچرز کا عطیہ دیا گیا۔یہ عطیہ جنرل سیکرٹری ہارٹ سیور فاؤنڈیشن کاشف فاروق اور مخیر شخصیت عمر جاوید نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رانا آصف ندیم کے حوالے کیا۔

اس موقع پرمیڈیکل سوشل آفیسر آسیہ فقیر حسین، منیجرعاصمہ مزمل و دیگر بھی موجود تھے۔ایم ایس نے ہارٹ سیور فاؤنڈیشن کے فلاحی جذبے کو سراہا اور کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے فاؤنڈیشن کی خدمات مثالی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر ہسپتال کو دستیاب وسائل کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں تاہم نجی شعبہ کی شراکت داری خوش آئند اقدام ہے جس کی بدولت مریضوں کوعلاج معالجہ کی سہولت میں وسعت آرہی ہے۔

جنرل سیکرٹری ہارٹ سیور فاؤنڈیشن نے کہا کہ ہسپتال کو درکار ادویات، مشینری و دیگر ضروری سازو سامان کی فراہمی کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا جس میں مخیر حضرات کے قابل قدر تعاون کے بھی مشکور ہیں۔