فیفاورلڈکپ،دو مرتبہ کی سابق عالمی چیمپئن ارجنٹائن اور پولینڈ کی ٹیمیں سپر16 رائونڈ میں پہنچ گئیں

دوحہ۔1دسمبر (اے پی پی): دوبار کی سابق عالمی چیمپئن ارجنٹائن اور پولینڈ کی ٹیمیں قطر میں جاری 22ویں فیفا ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ میکسیکو اور سعودی عرب کی ٹیموں کا میگا ایونٹ میں سفر تمام ہوگیا۔ میگا ایونٹ کے گروپ سی کے اہم میچ میں ارجنٹائن نے پولینڈ کو شکست دے کر ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا جبکہ میکسیکو اور سعودی عرب کی ٹیمیں میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں ہیں۔ گروپ سی کے دوسرے میچ میں میکسیکو نے سعودی عرب کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرادیا۔میکسیکو فتح کے باوجود راؤنڈ آف 16 میں پہنچنے میں ناکام رہا جبکہ سعودی عرب کا بھی میگا ایونٹ میں سفر ختم ہوگیا۔گروپ میچز کے اختتام پر گروپ سی میں ارجنٹا ئن 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا جبکہ پولینڈ اور میکسیکو 4،4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہےتاہم بہتر گول اوسط کی وجہ سے پولینڈ نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں سج چکا ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔سٹیڈیم 974، دوحہ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 39 ویں میچ میں گروپ سی کی ٹیمیں ارجنٹائن اور پولینڈ آمنے سامنے تھیں ،جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ہاف میں بہت سخت مقابلہ ہوا ،دونوں ٹیموں نے گول کی غرض سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑتوڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوگیا۔ دوسرے ہاف میں ارجنٹائن کی ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ٹیم پولینڈ کو پریشان کر دیا۔ارجنٹائن کے الیکسس میک الیسٹرنے 46 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو پولینڈ کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی جس کے بعد ارجنٹائن کے جولین الواریز نے 67 ویں ایک گول کر کے مقابلہ 0-2 کر دیا جو کھیل کے آخر تک برقرار رہا۔ لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلے گئے گروپ سی کے ہی دوسرے میچ میں میکسیکو کی ٹیم نے سعودی عرب کو سخت مقابلے کے بعد 1-2گول سے ہرا دیا۔ میکسیکو کی فتح میں ہنری مارٹن اور لوئس شاویز نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ سعودی عرب کی طرف سے واحد گول سالم الدوسری نے سکور کیا۔\932