فیفاورلڈکپ،سپین اور جاپان کی ٹیمیں پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں، چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی میگا ایونٹ سے باہر

دوحہ۔2دسمبر (اے پی پی): سپین اور جاپان کی ٹیمیں قطر میں جاری 22ویں فیفا ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ 4 بار کی عالمی چیمپئن جرمنی گروپ رائونڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی۔گروپ ای کے دو میچز میں جاپان نے سپین اور جرمنی نے کوسٹاریکا کو شکست دے دی۔ اس کے باوجود جرمنی اور کوسٹاریکا کی ٹیمیں سپر 16 رائونڈ تک نہ پہنچ سکیں۔گروپ ای سے جاپان اور سپین نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں سج چکا ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیموں نے ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کی جس میں سے 16 ٹیمیں پری کوارٹر فائنل میں پہنچیں گی۔ میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم، دوحہ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 43 ویں میچ میں گروپ ای کی ٹیمیں جاپان اور سپین آمنے سامنے تھیں ،جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ہاف میں بہت سخت مقابلہ ہوا ،ہسپانوی ٹیم کے الوارو موراتا نے 11 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 0-1 کر دیا۔پہلا ہاف پر سپین کو جاپان کے خلاف 0-1 گول کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں جاپان کے رٹسو ڈوان نے 48 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا جس کے بعد جاپان کے ہی اے تناکا نے 51 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو سپین کے خلاف 1-2 کی برتری دلا دی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔گروپ میچز کے اختتام پر گروپ ای میں جاپان نے 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ سپین اور جرمنی 4،4 پوائنٹس حاصل کرسکے۔اسی طرح میچ ہارنے کے باوجود سپین کی ٹیم نے بہتر گول اوسط کی بنیاد پر ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئی ۔اسی گروپ ای کے البیت سٹیڈیم، الخور میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی نے کوسٹاریکا کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ تاہم دونوں ٹیمیں سپر 16 رائونڈ تک نہ پہنچ سکیں۔ یاد رہے کہ میگا ایونٹ کا پری کوارٹر فائنل مرحلہ کل ہفتہ سے شروع ہوگا۔\932