فیفاورلڈکپ، پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل ٹیم جنوبی کوریا کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

ارجنٹائن فٹ بال ورلڈ کپ کا فاتح ، روسی صدر کی ارجنٹائن کے ہم منصب کو مبارک باد

دوحہ۔6دسمبر (اے پی پی): سب سے زیادہ پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل کی ٹیم قطر میں جاری 22ویں فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ۔ فاتح ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میچ میں جنوبی کوریا کو 1-4 گول سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں برازیل کا مقابلہ کروشیا سے ہوگا۔برازیل کی جانب سے ونیسیئس جونیئر، نیمار، رچرلیسن اور لوکاس نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی کوریا کی طرف سے واحد گول پائک سیونگ نے سکور کیا۔ فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں لگا ہوا ہے جو اپنے آخری مراحل کی طرف گامزن ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیموں نے ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کی ۔

میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔سٹیڈیم 974 ، دوحہ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں برازیل اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں ،جس میں پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی جنوبی کوریا پر حاوی ہوگئی ۔ برازیل کے ونیسیئس جونیئرنے 7 ویں ہی منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو جنوبی کوریا کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی جس کو نیمار نے 6 منٹ بعد ملنے والی پنالٹی کک کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک گول کر 0-2 کر دیا۔

برازیل کے رچرلیسن نے 29 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 0-3 کر دیا جس کے 7 منٹ بعد ہی لوکاس نے ایک گول کر کے برتری کو بڑھاتے ہوئے مقابلہ 0-4 کر دیا۔ یوں پہلے ہاف پر برازیل کی ٹیم کو حریف جنوبی کوریا کے خلاف 0-4 گول کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں بھی برازیلین ٹیم جنوبی کوریا پر برتری رہی تاہم جنوبی کوریا کی طرف سے پائک سیونگ نے 76 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-4 کر دیا جو میچ کے آخر تک برقرار ررہا اور برازیل نے جنوبی کوریا کو 1-4 گول سے ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے بعد برازیلین کھلاڑیوں نے ہسپتال میں زیر علاج لیجنڈ فٹبالرپیلے کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔برازیل کے کھلاڑی پیلے کی تصویر اور نام والا بینر لے کر میدان میں آگئے اور تصاویر بنوائیں۔واضح رہے کہ 82 سالہ عظیم فٹبالر پیلے کو گزشتہ منگل کو کینسر کے دوبارہ علاج کے لیے برازیل کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، اس سے قبل 2021 میں ان کی بڑی آنت میں سے ٹیومر نکالا گیا تھا جس کے بعد سے مستقل بنیادوں پر ان کی طبی نگہداشت کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ برازیل سے تعلق رکھنے والے دنیا کے اب تک کے عظیم ترین فٹبالر سمجھے جانے والے پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جو تین ورلڈکپ 1958، 1962 اور 1970 جیتنے والی برازیلین ٹیم میں شامل تھے۔ پیلے نے 1977 میں فٹ بال کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ پیلے کو برازیل کا اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔برازیل کی ٹیم نے جنوبی کوریا کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں فتح کو فٹ بال کی دُنیا کے لیجنڈری کھلاڑی پیلے کے نام کردیا۔

جنوبی کوریا کے خلاف میچ میں برازیلین ٹیم نے ایک انوکھا ریکارڈ بھی قائم کردیا، ورلڈ کپ کی تاریخ میں وہ تینوں گول کیپرز سمیت تمام 26 کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ کے دوران کھلانے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔یاد رہے کہ میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں برازیل کا مقابلہ کروشیا سے ہوگا۔