فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ایم ڈی واسافیصل آباد

73

فیصل آباد ۔ 27 مئی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد عامر عزیز نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اور ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم اور مستعد ہیں۔ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا نہ صرف وطن عزیز کی قومی سلامتی اور خودمختاری کی ضمانت ہے بلکہ یہ اسلامی دنیا کیلئے بھی اُمید کا نشان ہے۔ یوم تکبیر کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آج ہی کے دن 28 مئی 1998 کو چاغی کے پہاڑوں میں یکے بعد دیگرے5

ایٹمی دھماکے کر کے بزدل دشمن بھارت کی برتری کا غرور خاک میں ملا دیا تھا۔اس کے ساتھ ہی پاکستان ایٹمی قوت رکھنے والا دنیا کا ساتواں اور عالم اسلام کا پہلا ملک بن گیا۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام آج بھی پاکستان کے دفاع اور سلامتی کا ضامن ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ آج کا یوم تکبیر پاکستا نی قوم کیلئے تجدید عہد کا دن ہے کہ پاکستان کی بقاء کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور تمام طبقات پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے متحد ہو کر کام کریں گے۔