قبوضہ جموں وکشمیر پرغیر قانونی تسلط کے باوجود بھارت کا خود کو جمہوریہ کہنا شرمناک ہے،وفاقی وزیر برائے امور کشمیر،گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام

124
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل و جموں و کشمیر پر خصوصی نمائندے کی ملاقات

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر،گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر پرغیر قانونی تسلط کے باوجود بھارت کا خود کو جمہوریہ کہنا شرمناک ہے۔

اتوار کوبھارت کے یوم جمہوریہ یوم سیاہ کو طور پر منانے کے حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک طرف بھارت یوم جمہوریہ منارہا ہے اوردوسری طرف اس نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق غصب کررکھے ہیں۔بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدترین مظالم ڈھارہا ہے ۔

یہ امر باعثِ افسوس ہے کہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے غیر قانونی طور پرجموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے اور انہیں جبر، تشدد اور بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔ اِن مظالم کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ اٹوٹ ہے اور ان کی جدوجہد ِآزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں وہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے، پاکستان بہادر کشمیری عوام کی منصفانہ جد و جہد اور حق ِخودارادیت کے حصول میں ان کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کی قرارداد اقوام متحدہ نے منظور کر رکھی ہے لہذا یہ عالمی ادارے کا فرض ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور اس نے کشمیریوں کے سیاسی ،مذہبی اور جمہوری حقوق کو غصب کر رکھا ہے۔