قصور۔ 21 اگست (اے پی پی):محکمہ ایجو کیشن قصور کے زیر اہتمام چیف منسٹر آزادی کپ ہاکی ٹورنامنٹ 2024کی تقریب تقسیم انعامات شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چوہدری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن اتھارٹی ملک انور ندیم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر این اے رانا، ایجوکیشن افسران، اساتذہ و کھلاڑی طلباء و طالبات اور شائقین ہاکی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چوہدری نے جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دی اور خاص طور پر بچیوں کے والدین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بچیوں کو کھیلنے کی اجازت دیکر اپنے ٹیلنٹ کو نکھارنے کا موقع فراہم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے تحت پنجاب حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے بے شمار اقدامات کر رہی ہے تا کہ بین الاقوامی سطح پر ہر کھیل میں بہترین کھلاڑی پیدا کئے جا سکیں۔ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے ہر سطح پر کھیلوں کو فروغ دینا ہوگا۔ کھیل سپورٹس مین شپ سکھاتا ہے ہار جیت معنی نہیں رکھتا صرف مقابلوں میں شرکت ضروری ہے جس سے نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما بہتر طریقے سے ہوتی ہے۔ بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے چیف منسٹر آزادی کپ ہاکی ٹورنا منٹ میں پوزیشن ہولڈر ٹیموں کے کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کیے۔