قومی اسمبلی انتخابات ، پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے کی درخواست کیلئے آخری تاریخ 15اپریل مقرر

صدر فیصل آباد چیمبر

لاہور۔29مارچ (اے پی پی): الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے چھ حلقوں میں ہونیوالے ضمنی انتخابات کیلئے پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 15اپریل مقرر کی ہے۔ قومی اسمبلی کے چھ حلقوں میں سے صوبہ پنجاب میں دو حلقوں NA-108فیصل آباد اور NA-118ننکانہ صاحب میں 30اپریل کو ضمنی انتخاب منعقد کیا جائے گا۔

دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس حوالے سے پوسٹل بیلٹ کی سہولت سرکاری ملازمین، پاک فوج کے اراکین اور ان کے اہلخانہ کو مہیا کی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں یہ سہولت ایسے معذور افراد ، جو معذوری کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن پرآ کر ووٹ نہ ڈال سکتے ہوں، ایسے افراد بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت استعمال کرنے کے اہل ہیں۔ معذور افراد کیلئے لازمی ہے کہ پوسٹل بیلٹ پیپر حاصل کرنیکے لئے ان کے پاس نادرا کا معذوری کے نشان والا شناختی کارڈ موجود ہو۔

پوسٹل بیلٹ کی سہولت جیل میں موجود قیدی بھی استعمال کرسکتے ہیں۔الیکشن کیلئے تعینات کر دہ پولنگ عملہ بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت استعمال کر سکتا ہے۔پوسٹل بیلٹ کیلئے درخواست فارم متعلقہ ریٹرننگ آفیسر سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں پوسٹل بیلٹ درخواست فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی ڈائون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ ایسے ووٹرز جن کو پوسٹل بیلٹ جاری کیا جائے گا وہ پولنگ سٹیشن پر ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔