قومی بیانیے کے موثر ابلاغ، درست معلومات کی بروقت فراہمی اور بھارت کے منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے میں وزارت اطلاعات اور پی آئی ڈی کا کردار قابل تحسین ہیں، ا فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی بیانیے کے موثر ابلاغ، درست معلومات کی بروقت فراہمی اور بھارت کے منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے میں وزارت اطلاعات اور پی آئی ڈی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قومی مفادات کے تحفظ کے لیےادارے کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی بیانیے کے موثر ابلاغ، درست معلومات کی بروقت فراہمی اور بھارت کے منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے میں وزارت اطلاعات اور پی آئی ڈی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قومی مفادات کے تحفظ کے لیےادارے کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پی آئی ڈی دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) اسلام آباد کا دورہ کیا،پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن بھی انکے ہمراہ تھے۔ پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن تمغہ امتیاز نے پی آئی ڈی آمد پر ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران گورنر خیبرپختونخوا کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی، فرائض اور مختلف شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر حکومتی پالیسیوں اورقومی بیانیے کے موثر ابلاغ میں ادارے کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عالمی تقاضوں کے مطابق پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے موثر کردار کوسراہتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات اور اس کے ذیلی ادارے قومی مفادات کے تحفظ اور درست معلومات کی بروقت فراہمی کے لیے قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور ریاست پاکستان کے خلاف منفی اور گمراہ کن بیانیے کا موثر جواب دینے کے لیے وزارت اطلاعات جس انداز میں سرگرم عمل ہے، وہ لائق تحسین ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کےدوران داخلی اور عالمی سطح پر بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کا موثر مقابلہ کرنے میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور اس کے ذیلی اداروں کے مثبت، متحرک اور جاندار کردار کو مثالی قرار دیتے ہوئے پی آئی او مبشر حسن تمغہ امتیاز اور ان کی ٹیم کر خراج تحسین پیش کیا۔پی آئی او مبشر حسن نے گورنر کو بتایا کہ پشاور میں بھی ڈیجیٹل سیل کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس پر گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میدان میں برتری انتہائی ضروری ہے اور پی آئی ڈی کا یہ فیصلہ دور رس نتائج کا حامل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کے تحفظ، حقائق پر مبنی معلومات کی فراہمی اورپاکستان کا موقف عالمی برادری تک پہنچانے میں وزارت اطلاعات کے اداروں نے انتہائی اہم اور موثر کردار ادا کیا ہے۔