دبئی۔20ستمبر (اے پی پی):دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے متحدہ عرب امارات میں طویل عرصے سے مقیم پاکستانی محمد صدیق بخش کو ان کے مثالی طرز عمل اور شاندار خدمات کے اعتراف میں تعریفی سند سے نوازا ہے۔ قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمد صدیق بخش جو 1968 سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں، نے مختلف پیشوں میں تندہی سے کام کیا اور کمیونٹی کی عزت و توقیر حاصل کی۔
حال ہی میں دبئی پولیس کی جانب سے ان کے تعاون اور 55 سال کے متاثر کن عرصے میں بے عیب ڈرائیونگ ریکارڈ کو برقرار رکھنے پر بھی سراہا گیا۔ یہ نادر کامیابی میزبان ملک کے قوانین اور اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے محمد صدیق بخش کے عزم کا ثبوت ہے۔
قونصل جنرل حسین محمد نے محمد صدیق بخش کے مثبت طرز عمل، دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ زندگی بھر کی لگن کی تعریف کی جو متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کمیونٹی کے لیے ایک تحریک ہے۔ انہوں نےکہاکہ ہمیں محمد صدیق بخش پر بہت فخر ہے کہ وہ نظم و ضبط، محنت اور قانون کے احترام کی اقدار کو اپنائے ہوئے ہیں۔
یہاں ان کا شاندار سفر اور تعاون پاکستان کے جذبے اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہماری پائیدار دوستی کو ظاہر کرتا ہے۔ ہم ان کے لئے خواہش کرتے ہیں کہ وہ آنے والے سالوں میں مسلسل کامیابیاں اور خوشیاں بانٹیں،قونصل جنرل نے ایسے مثالی رہائشیوں کی خدمات کو تسلیم کرنے اور برادریوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کے جذبے کو فروغ دینے پر دبئی پولیس کا بھی شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں پاکستان قونصلیٹ جنرل کے افسران نے شرکت کی اور محمد صدیق کو ان کی شاندار کامیابیوں پر دلی مبارکباد دی، جو متحدہ عرب امارات کے متنوع اور متحرک معاشرے میں پاکستانی شہریوں کی مثبت شراکت کی قابل فخر عکاسی ہے۔