لاہورمچھلی منڈی کی منتقلی، عدالتی حکم امتناعی کے باوجود دکانیں سیل کرنے پر اے سی ریکارڈ سمیت طلب

146

لاہور۔21نومبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے اندورن شہر لاہور سے پرانی مچھلی منڈی کی منتقلی کے معاملے میں عدالتی حکم امتناعی کے باوجود دکانیں سیل کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پراسسٹنٹ کمشنر لاہور کو ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے ظفر اقبال اور دیگر دکانداروں کی پرانی مچھلی منڈی کو شہر سے باہر منتقل کرنے اور عدالتی حکم امتناعی کے باوجود دکانیں سیل کرنے پر توہین عدالت کی دائر درخواست پر سماعت کی ۔

جمعرات کو سماعت پر درخواست گزاروں کے وکیل شان سعید گھمن نے موقف اختیار کیا کہ ضلعی انتظامیہ نے پرانی مچھلی منڈی کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا، جس پر عدالت نے پہلے ہی حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے۔ لیکن عدالتی حکم کے باوجود اسسٹنٹ کمشنر نے دکانیں سیل کر دیں، جس کے باعث دکانداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ انتظامیہ کو دکانیں ڈی سیل کرنے کا حکم دیا جائے اور اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔