لوگ عمران خان کے نام نہاد بیانیے سے تنگ آ چکے ہیں، دوسروں کو چور کہتے ہیں مگر خود کرپٹ اقدامات کی وجہ سے نااہل ہو چکے ہیں، وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان کا عمران خان کے ٹویٹ پر ردعمل

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ لوگ عمران خان کے نام نہاد بیانیے سے تنگ آ چکے ہیں، دوسروں کو چور کہتے ہیں جبکہ خود کرپٹ اقدامات کی وجہ سے نااہل ہو چکے ہیں، یہ احتساب کا ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں ان کے علاوہ سب جوابدہ ہوں۔

منگل کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ٹویٹ پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ ‏قوم نے بھاری قیمت کسی این آر او کی وجہ سے نہیں سابق نااہل اور نالائق حکومت کی وجہ سے چکائی ہے، آپ نے چار سال میں تاریخی قرضے لئے، 70 سال میں ملک کے مجموعی قرضے 24 ہزار ارب روپے تھے اور آپ نے چار سال میں 18 ہزار ارب سے زائد قرضے لیکر مجموعی قرضوں میں 70 فیصد سے زائد اضافہ کیا۔

شیری رحمان نے کہا کہ آپ نے خیبر پختونخوا میں احتساب عدالت پر تالا لگایا، آپ کے دور میں کرپشن انڈیکس میں پاکستان 117 سے 140 نمبر پر آ گیا، آپ کس منہ سے کرپشن کی بات کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ملک پر دن کی روشنی میں ڈاکہ تو آپ نے ڈالا، بی آر ٹی، ایل این جی، ادویات، آٹا، چینی، بلین ٹری، مالم جبہ اور دیگر کا ذمہ دار کون ہے؟ شیری رحمان نے کہا کہ آپ کے نام نہاد بیانیے سے لوگ تنگ آ چکے ہیں، آپ دوسروں کو چور کہتے ہیں

جبکہ خود کرپٹ اقدامات کی وجہ سے نااہل ہو چکے ہیں، آپ احتساب کا ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں آپ کے علاوہ سب جوابدہ ہوں، لوگ باشعور ہیں، آپ بیانیہ بنا کر “کھیلتے رہے، لوگ آپ کے “کھیل” میں شریک نہیں ہونگے۔