لیجنڈز کرکٹ لیگ 17 ستمبر سے بھارت میں شروع ہوگی

نئی دہلی۔5اگست (اے پی پی): لیجنڈز کرکٹ لیگ کا دوسرا ایڈیشن آئندہ ماہ 17 ستمبر سے بھارت میں شروع ہوگا، سابق سٹار کرکٹرز سارو گنگولی، مصباح الحق، مرلی دھرن، آئن مورگن سمیت 53 کھلاڑی لیگ کا حصہ ہوں گے۔ سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی 7 سال بعد کرکٹ کے میدان میں واپسی کریں گے۔ لیجنڈز کرکٹ لیگ کے منتظمین نے اب تک آئن مورگن، وریندر سہواگ، مرلی دھرن، مصباح الحق، جونٹی روڈز، مچل جانسن، بریٹ لی، شین واٹسن، روز ٹیلر اور ڈیل سٹین سمیت 53 کھلاڑی کی تصدیق کی ہے۔ ٹورنامنٹ 17 ستمبر سے 8 اکتوبر تک بھارت کے پانچ شہریوں میں کھیلا جائے گا جن میں کولکتہ، لکھنئو، دہلی، جودھپور شامل ہیں جبکہ پانچواں وینیو کٹک اور راجکوٹ میں سے کوئی ایک ہوگا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی دستیابی حکومت کی منظوری سے مشروط ہوگی۔ لیجنڈز لیگ کا پہلا ایڈیشن رواں سال جنوری میں مسقط میں کھیلا گیا تھا جس میں تین ٹیموں انڈین مہاراجاز، ورلڈ جائنٹس اور ایشیا لائنز نے سات میچوں میں حصہ لیا۔ محمد کیف نے انڈیا مہاراجاز، ڈیرن سیمی ورلڈ جائنٹس اور مصباح الحق نے ایشیا لائنز کی قیادت کی۔ جائنٹس نے ایشیا لائنز کو فائنل میں 25 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔