لاہور۔27جولائی (اے پی پی):لیسکو نے شاہ پور سب ڈویژن میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران متعدد کنکشنز منقطع کر کے بھاری جرمانے عائد کئے ۔ترجمان کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو انجینئرشاہد حیدر کی ہدایت کے مطابق لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہے،اس سلسلے میں ایس ڈی او شاہ پورمحمد حسن رضا نے اپنے سٹاف کے ہمراہ محافظ ٹائون اور سلطان پورہ کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا،
دوران آپریشن 3گھروں میں بجلی چوری پکڑی گئی۔ایس ڈی او محمد حسن رضا کے مطابق میٹر میں شنٹ لگا کر اور ایل ٹی کی لائن سے ڈائریکٹ سپلائی لگا کر بجلی چوری کی جا رہی تھی اور لیسکو کو ماہانہ لاکھوں کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ایس ڈی او محمد حسن رضا نے کارروائی کرتے ہوئے تمام کنکشنز منقطع کروائے۔ملزمان کے خلاف ایف آئی آرکی درخواست متعلقہ تھانہ میں جمع کرا دی گئی ہے جبکہ محکمہ کی جانب سے ملزمان کو4500یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں۔