مایہ ناز آل راؤنڈر شاداب خان ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے ساتویں بائولر بن گئے

راولپنڈی۔28مارچ (اے پی پی):پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاداب خان ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے ساتویں بائولر بن گئے ہیں۔ لیگ سپنر شاداب خان نے یہ سنگ میل شارجہ میں افغانستان کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ حاصل کیا۔

انہوں نے افغان بیٹر عثمان غنی کو آؤٹ کر کے وکٹوں کی سنچری مکمل کی۔ وہ اب تک 87 میچوں میں 101 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں ۔ ان سے قبل نیوزی لینڈ کے ٹم سائوتھی ، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ، افغانستان کے راشد خان، نیوزی لینڈ کے ایش سودھی، سری لنکا کے لاستھ ملنگا اور بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان بھی ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سو یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

ٹم ساؤتھی 134 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں ۔ شکیب الحسن 131 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور افغانستان کے راشد خان 129 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں ۔