محتسب پنجاب نے13 شہریوں کو 2 کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد کے بقایاجات کی ادائیگی کروادی۔ترجمان

دفتر محتسب پنجاب نے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے او ایس ڈی پوسٹس سے متعلق مالی واجبات کے دیرینہ معاملات حل کر دئیے۔

لاہور۔9جون (اے پی پی):دفتر محتسب پنجاب نے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے او ایس ڈی پوسٹس سے متعلق مالی واجبات کے دیرینہ معاملات حل کر دئیے۔

منگل کو یہاں جاری ترجمان محتسب پنجاب کے بیان کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران صوبہ بھر کے 13 شہریوں کو مجموعی طور پر 2 کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد کے بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنائی گئی۔ متاثرہ شہریوں نے مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف دفتر محتسب پنجاب سے رجوع کیا تھا۔ محتسب پنجاب نے شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں، جس کے نتیجے میں او ایس ڈی پوسٹس کے بقایاجات کی مد میں 13 شہریوں کو 2 کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ادا کر دی گئی۔علاوہ ازیں، دفتر محتسب پنجاب کی موثر کارروائی کے نتیجے میں تین شکایت کنندگان کو سیکشن 17-A کے تحت ملازمتوں پر تعینات بھی کروا دیا گیا، جس سے متاثرہ خاندانوں کو خاطر خواہ ریلیف حاصل ہوا۔