ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ غازی خان صادق بلوچ نے ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کے لیے سیف سٹی، سمارٹ سٹی اور ڈی سی آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا
محرم الحرام ،ڈی پی او، ڈپٹی کمشنر کا سکیورٹی انتظامات کو موثر بنانے کے لیے کنٹرول روم کا دورہ
ڈیرہ غازی خان ۔ 09 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ غازی خان صادق بلوچ نے ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کے لیے سیف سٹی، سمارٹ سٹی اور ڈی سی آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر محرم الحرام کے دوران جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی مانیٹرنگ کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔دورے کے دوران متعلقہ افسران نے کنٹرول روم میں نصب جدید مانیٹرنگ سسٹم، سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت اور نگرانی کے نظام بارے بریفنگ دی۔ ڈی پی او نے کنٹرول روم میں موجود عملے کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام حساس مقامات، امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کی 24 گھنٹے نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت اور موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی اور مانیٹرنگ سسٹم سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے نگرانی کے عمل کو مزید موثر اور فعال بنایا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نےکہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے شرکا کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔دورے کے اختتام پر ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔









