مریضوں کی سہولت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر طبی خدمات میسر آ سکیں، اے سی پسرور

مریضوں کی سہولت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر طبی خدمات میسر آ سکیں، اے سی پسرور

سیالکوٹ۔ 09 جون (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پسرور کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ڈاکٹرز و عملے کی حاضری اور او پی ڈیز کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف شعبوں اور او پی ڈیز کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران سرجیکل او پی ڈی بند پائی گئی، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی جا چکی تھیں کہ او پی ڈی سروسز کو ہر صورت فعال رکھا جائے اور مریضوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ جائزے کے دوران معلوم ہوا کہ ایک جنرل سرجن آپریشن تھیٹر میں مصروف تھے جبکہ دوسرے جنرل سرجن نہ تو سرجیکل او پی ڈی میں موجود تھے اور نہ ہی آپریشن تھیٹر میں پائے گئے۔

اس صورتحال کے باعث متعدد سرجیکل مریض معائنے اور طبی مشاورت کے لیے آپریشن تھیٹر کے باہر انتظار کرتے رہے، جس سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس صورتحال پر اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران سے فوری وضاحت طلب کر لی اور ہدایت کی کہ آئندہ کسی بھی شعبے میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں اور ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی خدمات فراہم کی جائیں۔ دورانِ معائنہ ہسپتال کی دیگر تمام او پی ڈیز معمول کے مطابق فعال پائی گئیں جہاں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی تھیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں نظم و ضبط، ڈاکٹرز کی حاضری اور مریضوں کی سہولت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر طبی خدمات میسر آ سکیں۔