مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ کام ہم نے کیا ،کراچی محرومیوں کا شکار ہے تو اسکا ذمہ دارزرداری راج ہے،جزائر پر کام کرنے دیا جاتا تو غیر ملکی سرمایہ کاری آتی جس کا سندھ کے عوام کو فائدہ ہوتا شاہ محمود قریشی

حیدرآباد۔5مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ کام ہم نے کیا۔ ،کراچی محرمیوں کا شکار ہے تو اسکا ذمہ دارزرداری راج ہے،پیپلز پارٹی کراچی کو ترقی نہیں دے گی ،جزائر پر کام کرنے دیا جاتا تو غیر ملکی سرمایہ کاری آتی جس کا سندھ کے عوام کو فائدہ ہوتا ہم لکھ کر دے سکتے ہیں کہ سمندری جزائر سندھ کی ہی ملکیت ہو ں گے ،پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے جنوبی پنجاب صوبہ کو اپنے منشور میں شامل کیا اگر بلاول کی جماعت چاہتی ہے تو اسمبلی میں ہمارا ساتھ دے تاکہ آئینی طور پر جنوبی پنجاب کا نیا صوبہ بنوایا جاسکے ،

جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی نے کلین سوئپ کیا ہے اور بلاول کے استقبال نے واضح کردیا کہ جنوبی پنجاب کس کے ساتھ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد کے نواحی علاقہ ڈیتھا میں خاوند بخش جیحی جو، کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے9لاکھ فوج لگائی ہوئی ہے وہ کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے ۔ غیر قانونی زیرتسلط وادی کشمیر میں خصوصی قوانین نافذ ہیں۔ حریت پسند عوام کا ماورا ئے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔

اجتماعی قبریں برآمد ہو ئی ہیں میں نے اقوام متحدہ کو 23خطوط لکھے تقاریر کی ہیں اور جس طرح وہاں اپنی تقریر میں وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے زرداری یا کسی اور نے تو نہیں کیا ۔آصف زرداری نے بھی اقوام متحدہ میں خطاب کیا تھا تقریر نکال کردیکھ لیں کہ انہوں نے کتنا کشمیر کا ذکر کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں ایک چیلنج دیتا ہوں کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی مظفر آباد آزاد کشمیر میں آکر تقریر کریں اور وزیر اعظم عمران خان کو سری نگر میں تقریر کا موقع دیا جائے ثابت ہو جائے گا کہ کشمیر کے عوام کس کے ساتھ ہیں

انہوں نے کہاکہ پشاور بم دھماکہ انتہائی افسوس ناک ہے تاہم آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد اسکا ایک سبب ہو سکتا ہے کیونکہ دشمن پاکستان کو غیر مستحکم دیکھنا چاہتا ہے اور پی ایل ایس کے کامیاب انعقاد کے بعد ملک کا سوفٹ امیج بناہے اسے زائل کیا جائے لیکن اس بم دھماکہ کے پس پردہ اور بھی عناصر ہو سکتے ہیں۔ سر حد پار سے بھی وار ہوسکتا ہے

لیکن دشمن کا بنیادی نقطہ وہی ہے کہ پاکستان کو ترقی نہ کرنے دی جائے اسے غیر مستحکم کیا جائے اور دنیا میں اسکا غلط تاثر ابھاراجائے انہوں نے کہاکہ کراچی محرومیوں کا شکار ہے تو زرداری راج اسکا ذمہ دار ہے کیا کراچی کے حالات تین سال میں ایسے ہو ئے ہیں کیا نالے صاف کرانا ، کچرا اٹھانا وفاق کی ذمہ داری ہے یا سندھ حکومت کی ہے انہوں نے کہاکہ ہم تو سندھ کے جزا ئر کو ترقی دیکر غیر ملکی سرمایہ کاری یہاں لانا چاہتے تھے جس کا فائدہ سندھ کے عوام کو ہوتا لیکن نہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے کی مصداق وہ ہمیں ترقیاتی کام نہیں کرنے دینا چاہتے ۔

سمندر ی جزائر کی پہلے اجازت دی اس کے بعد منسوخ کردی جب کہ ہماری حکومت لکھ کر دے سکتی ہے کہ سندھ کے سمندری جزائر پر وفاق کا نہیں سندھ کا ملکیتی حق ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں بلاول زرداری کو عوام نے مسترد کردیا ہے ملتا ن کا جلسہ سب نے دیکھ لیا ہے کہاں اس شہر سے کبھی ذوالفقار علی بھٹو جیتے تھے آج وہاں پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی چلنے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کو اپنے منشور میں شامل کیا ہے لیکن ہمیں دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہے کہ قومی اسمبلی سے قانون پاس کراسکیں اگر بلاول زرداری کی جماعت بھی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا چاہتی ہے تو اسمبلی میں ہمارا ساتھ دے ہم تنہا کریڈٹ بھی نہیں لینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے جنوبی پنجاب کی عوام کو سہولیات د ینے کے لیےعملی اقدامات کئے ہیں ۔انتظامی سہولیات کے لیے ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹ قائم کیے ہیں ۔ایڈ یشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کو وہاں تعینات کیا ہے اب جنوبی پنجاب کے عوام کو طویل سفر کرکے لاہور نہیں جانا پڑتا ۔ تعلیم وصحت کی سہولیات دی ہیں۔ وہاں کے طلبہ و طالبات کوقابلیت کی بنیاد پر 32فیصد کوٹہ دیکر انہیں ترقی کے میدان میں آگے لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ بھر کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے ، سندھ حقوق مارچ ، کو جو پذیرائی دی ہے وہ تاریخی ہے عوام کی بڑی تعداد نے ہمیں سنا اور سن رہے ہیں ۔