اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):صدرریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کے لئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں اور اس سلسلے میں بیرون ملک بالخصوص برطانیہ میں آباد کشمیری اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور برطانوی پارلیمنٹ سمیت دیگر فورمز پر مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لئے آواز اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں برطانوی ہائوس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5اگست 2019 کے بعد سے تاحال مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں اور کشمیریوں کو ان کی اپنی سرزمین پر بے گھر کر رکھا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر ریاستی باشندوں کی آبادکاری شروع کر رکھی ہے جس سے وہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید، بچوں،بوڑھوں کو پیلٹ گن کے استعمال سے بصارت سے محروم اور خواتین کی عصمت دری کر رہا ہے۔
بھارت کے یہ تمام تر انسانیت سوز مظالم بین الاقوامی انسانی حقوق کے مغائر ہیں جو بھارت مقبوضہ کشمیر کے اندر گزشتہ 7 دہائیوں سے کشمیریوں پر ڈھا رہا ہے۔ ایسے حالات میں دنیا بھر اور بالخصوص برطانیہ میں آباد کشمیریوں کو متحد و متحرک ہو کر جاندار انداز میں بھارت کی ان ریشہ دوانیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہو گا۔اس موقع پر ملاقات میں برطانوی ہائوس آف لارڈ زکے رکن لارڈ قربان حسین نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح اور بالخصوص برطانوی پارلیمنٹ میں اجاگر کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور بھارت کی ریشہ دوانیوں کا پردہ چاک کریں گے۔
اس موقع پر برطانوی ہائوس آف لارڈ زکے رکن لارڈ قربان حسین نے کہا کہ میرپور آزادکشمیر میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر میرپور کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ ہے کیونکہ میرپور کے عوام کی بڑی تعداد بیرون ملک آباد ہے۔ میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر سے میرپور کے عوام کو بین الاقوامی سفر کے لئے بہترین اور آسان سہولیات میسر آئیں گی۔
اس سلسلے میں برطانوی ہائوس آف لارڈ زکے رکن لارڈ قربان حسین نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے درخواست کی کہ وہ بھی میرپور آزادکشمیر میں انٹرنیشنل ائیر پورٹ کی تعمیر کے لئے کوششیں کریں۔اس سلسلے میں صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ وہ آزادکشمیر میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے لئے اپنی بھرپور کوششیں کریں گے۔
برطانوی ہائوس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بتایا کہ میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر کے سلسلے میں انہوں نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ حکومت پاکستان اسحاق ڈار سے بھی بات کی ہے۔
اس موقع پر برطانوی ہائوس آف لارڈ زکے رکن لارڈ قربان حسین نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیرکوعالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو برطانیہ کے دورے اور برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے کی دعوت دی جو صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد برطانیہ کا دورہ کر کے مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے اجاگر اور برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کر کے برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری مظالم،بھارت کے گھنائونے اور مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں گے۔