مسابقتی کمیشن کی سونے کی ملکی مارکیٹ بارے جامع جائزہ رپورٹ جاری، مارکیٹ کے ڈھانچے، ریگولیٹری انتظام اور مقابلے کے مسائل کا شواہد کی بنیاد پر تجزیہ پیش کیا گیا

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):مسابقتی کمیشن پاکستان نے سونے کی ملکی مارکیٹ کے حوا لے سے ”کمپٹیشن اسیسمنٹ سٹڈی“ جاری کی ہےجس میں ملک میں سونے کی مارکیٹ کے ڈھانچے، ریگولیٹری انتظام اور مارکیٹ میں مقابلے کے مسائل کا شواہد کی بنیاد پر تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کمپٹیشن کمیشن نے گولڈ مارکیٹ کو دستاویزی شکل دینے کے لئے پاکستان گولڈ اینڈ جیم سٹون اتھارٹی تشکیل دینے کی …

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):مسابقتی کمیشن پاکستان نے سونے کی ملکی مارکیٹ کے حوا لے سے ”کمپٹیشن اسیسمنٹ سٹڈی“ جاری کی ہےجس میں ملک میں سونے کی مارکیٹ کے ڈھانچے، ریگولیٹری انتظام اور مارکیٹ میں مقابلے کے مسائل کا شواہد کی بنیاد پر تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کمپٹیشن کمیشن نے گولڈ مارکیٹ کو دستاویزی شکل دینے کے لئے پاکستان گولڈ اینڈ جیم سٹون اتھارٹی تشکیل دینے کی تجویز دی ہے۔ مسابقتی کمیشن کے نئے قائم کردہ سینٹر آف ایکسی لینس اِن کمپٹیشن لا کی تیار کی گئی رپورٹ پاکستان میں سونے کی ایک ایسی دستاویزی مارکیٹ کا نقشہ پیش کرتی ہے جہاں کوئی خاص ریگولیشن ، ضوابط موجود نہیں اور غیر شفاف قیمتوں کے باعث مسائل کا شکار ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سالانہ 60 سے 90 ٹن تک سونے کی کھپت ہوتی ہے جس کی بڑی وجہ سماجی و ثقافتی عوامل ہیں۔ ملک میں 90 فیصد سے زیادہ سونے کی تجارت غیر رسمی چینلز اور طریقوں سے ہوتی ہے۔ پاکستان تقریباً مکمل طور پر درآمدی سونے پر انحصار کرتا ہے اور سال 2024 میں ملک میں 17ملین ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا گیا۔رپورٹ میں ریکو ڈک کاپرگولڈ پراجیکٹ کو بھی اہم قرار دیا گیا

، یہ منصوبہ اپنے مجوزہ 37 سالہ دورانیے میں تقریباً 74 ارب ڈالر کی مالیت کا سونا اور تانبا پیدا کرنے کی صلاحیت اور ملکی سپلائی چین کو بدلنے کی ممکنہ طاقت رکھتا ہے۔رپورٹ میں سونے کی مارکیٹ میں کمپٹیشن کو محدود کرنے والی رکاوٹوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں غیر رسمی ،غیر دستاویزی مارکیٹ ہونے کی وجہ سے سونے کے تاجر زیادہ تر نقد لین دین کرتے ہیں اور تاجروں کے گروہ سونے کی قیمتوں اور سپلائی پر اثرانداز ہوتے ہیں۔غیر شفاف قیمت ، سونے کے نرخ مقرر کرنے کا کوئی مارکیٹ میکانزم موجود نہیں بلکہ مختلف شہروں کی ایسوسی ایشن روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں جاری کرتی ہیں۔

جامع ریگولیشن کا نہ ہونا ملک میں سونے کی درآمد اور تجارت کو ریگولیٹ کرنے کے لئے وزارتِ تجارت، فیڈرل بورڈ آف ریونیو ، سٹیٹ بینک، پاکستان جیولری اینڈ جیم ڈویلپمنٹ کمپنی اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے الگ الگ ریگولیشن جاری کر رکھے ہیں۔ ٹیکس اور پیچیدہ کمپلائنس سونے کی ٹرانزیکشن پر پیچیدہ ٹیکس کا نظام ، غیر واضح طریقہ کار اور عدم یکسانیت سمگلنگ اور انڈر انوائسنگ کو فروغ دیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جانچ اور ہال مارکنگ کی کمی ملک میں سونے کی ریفائننگ تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ ہال مارکنگ کی ناکافی سہولیات کے باعث ملاوٹ اور صارفین کے ساتھ دھوکہ دہی کے مسائل جنم لیتے ہیں۔

ملک میں گولڈ کی مارکیٹ کو منظم کرنے اور درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے کمپٹیشن کمیشن نے جامع اصلاحات تجویز کیں ہیں جن میں جامع ریگولیٹر کا قیام ، پاکستان گولڈ اینڈ جیم سٹون اتھارٹی کا قیام ، لائسنسنگ، درآمدات اور اینٹی منی لانڈرنگ کے ریگولیشنز کی کمپلائنس سمیت تمام قوانین اور ضوابط کو یکجا کر کے جامع ریگولیٹری فریم ورک تشکیل اور نافذ کرنا شامل ہے۔ لازمی جانچ اور ہال مارکنگ سونے کے خالص ہونے اور اس کے معیار کی درجہ بندی کے لئے خرید و فروخت ہونے والے تمام سونے کی جانچ اور اس کی درجہ بندی کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ صارفین کو تحفظ حاصل ہو اور ملکی سونے کی برآمدات کو بھی فروغ دیا جا سکے۔

سونے کی ویلیو چین کی ڈیجیٹل تبدیلی سونے کی خرید و فروخت کو جدید ٹیکنالوجی یعنی بلاک چین پر مبنی ٹریس ایبلٹی تشکیل دے کر ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے منسلک کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ گولڈ بینکنگ سسٹم کا قیام ، ترکی کے ماڈل کو مد نظر رکھتے ہوئے، گھروں میں پڑے سونے کو فارمل معیشت میں شامل کرنے کے لیے ایک گولڈ بنک کا نظام قائم کیا جائے۔ڈیٹا گورننس کو مضبوط بنانا ، سونے کی درآمد ، پیداوار اور برآمد بارے جامع رپورٹنگ اور مارکیٹ میں ریگولیشنز اور پرائس مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرائے جائیں۔

کمپٹیشن کمیشن کا کہنا ہے خصوصاً اس وقت جب پاکستان ریکو ڈک منصوبے کے کمرشل آغاز کی تیاری کر رہا ہے ملک میں سونے کی مارکیٹ کے لئے جدید ریگولیشنز متعارف کرانے ضروری ہیں۔ سونے کو دستاویزی مارکیٹ میں لانے سے مارکیٹ کی شفافیت میں اضافہ ہوگا اور صارفین کا تحفظ حاصل ہوگا، سونے کی غیر رسمی اور سمگلنگ میں کمی آئے گی اور ملک میں دستیاب سونے کی ملکی معیشت میں قدر شامل ہوگی۔

مزید خبریں