مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ کا ملکی تاریخ کے سیاہ ترین دن کے موقع پر خصوصی پیغام

قمر زمان کائرہ

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے کہا کہ شہید بھٹو کا علم اٹھائے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج میدان میں ہیں،ملک کے غریب، مزدور، ہاری اور متوسط طبقے کی زندگی میں بہتری لانے کا خواب پورا ہو گا۔

منگل کو5 جولائی ملکی تاریخ کے سیاہ ترین دن کے موقع پر خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 5جولائی 1977 کو ایک آمر نے ایک منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر پاکستان کی تعمیر و ترقی پر شب خون مارا،1977 کے بعد فاشسٹ اقدامات اٹھائے گئے،جمہوریت پسند کارکنوں کو جیلوں میں رکھا گیا اور ان کو طرح طرح کی اذیت ناک سزائیں دی گئیں،

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے مشکل ترین حالات میں قائد عوام کے نظریات اور فلسفے کیساتھ منسلک رہے،آج چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وہی علم اٹھائے میدان میں ہیں،ملک کے غریب، مزدور، ہاری اور متوسط طبقے کی زندگی میں بہتری لانے کا خواب پورا ہو گا،بلاول بھٹو زرداری، بینظیر بھٹو کے اس خواب کی تعبیر کے لئے کوشاں ہیں۔